سبق یاد نہ ہونے پر مدرسے کے استاد کا چار سالہ بچے پر تشدد، آنکھ ضائع

ضلعی پولیس آفیسر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے استاد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 3 نومبر 2021 10:43

سبق یاد نہ ہونے پر مدرسے کے استاد کا چار سالہ بچے پر تشدد، آنکھ ضائع
لودھراں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 نومبر 2021ء) : پنجاب کے ضلع لودھراں میں مدرسے کے استاد کے تشدد سے طالب علم کی آنکھ ضائع ہوگئی۔ طالبعلم کی عمر صرف چار سال ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع لودھراں میں مدرسے کے قاری نے چار سالہ طالب علم کو سبق یاد نہ کرنے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے بچے کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔ طالبعلم کی حالت خراب ہوتی دیکھ کر مدرسے کا استاد فرار ہو گیا۔

ضلعی پولیس آفیسر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ کہروڑ میں استاد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔ جس کے بعد تھانہ کہروڑ میں استاد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر متاثرہ بچے کے والدین کی مدعیت میں درج کی گئی۔ والدین کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ رند جادہ میں قائم مدرسے میں اُن کا چار سالہ بیٹا پڑھتا ہے، جسے سبق یاد نہ کرنے پر استاد نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

متن میں لکھا گیا کہ استادکے تشدد کے دوران ڈنڈا بچے کی آنکھ پر لگا، جس کی وجہ سے اُس کی آنکھ ضائع ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ مدرسے کے قاری اور ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی ہے۔ واضح رہے کہ مدرسوں میں سبق یاد نہ ہونے پر بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جانا ایک عام بات ہے۔

ماضی میں بھی ایسے کئی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے بہاولنگر کے مدرسے میں استاد کے طالب علم پر مبینہ تشدد سے لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا۔ جاں بحق طالب علم کے والد نے پولیس میں مدرسے کے استاد کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ جبکہ پولیس نے بتایا کہ بچے کے والد نے موقف اختیار کیا کہ 2 روز قبل مدرسے سے کال آئی کہ آپ کا بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا ہے۔ میرا دوسرا بیٹا بھی استاد کے مبینہ تشدد سے زخمی ہوا۔ والد نے موقف اختیار کیا کہ زخمی بیٹے ہی نے ہمیں بتایا کہ ہم دونوں بھائیوں پر تشدد کیا گیا، جس سے بھائی جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے بچوں کے والد کی مدعیت میں 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں