یہ وطن ہم نے آگ و خون کے دریا عبور کر کے حاصل کیا ہے ،ڈپٹی کمشنر ثاقب علی عطیل

منگل 14 اگست 2018 22:33

لودھراں۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ یہ پاک وطن ہم نے آگ و خون کے دریا عبور کر کے حاصل کیا ہے، قائد اعظم کی مخلص و بے لوث قیادت میں مسلمانان ہند نے علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر دیا۔ انہوں نے یہ بات یہاں ضلع کونسل میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کہی جبکہ مہمانان خصوصی چیئر من ضلع کونسل میاں راجن سلطان ، چیئر مین بلدیہ لودھراں شیخ افتخار الدین تاری تھے جبکہ تقریب کے مہمان اعزاز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عثمان اعجاز باجوہ تھے۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز خالد عمر قریشی، عارف ضیاء ، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں محمد دانش، چیف آفیسر چوہدری محمد شفیق , ڈاکٹر اشرف ملک معززین شہر ، خواتین اور جشن آزادی کے رنگوں سے مزین لباس میں بچوں کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے میاں راجن سلطان نے کہاکہ جشن آزادی منانے کا تقاضا ہے کہ ہم وطن کو ناقابل تسخیر استحکام بخشیں۔

ڈی پی او عثمان اعجاز باجوہ نے کہاکہ آئیے آج کے دن ہم عہد کریں کہ ہم اپنے وطن کے داخلی و خارجی دفاع کو دنیا بھر میں مثالی بنا دیں گے۔ تقریب سے یو ایس ایڈ کے چیف پنجاب قیصر ندیم نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں مختلف محکموں میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل افراد میں شیلڈیں تقسیم کیں۔ دریں اثناء انہوں نے ضلع کونسل میں شجر کاری کا افتتاح کرتے ہوئے پودا بھی لگایا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں