میرپور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، ناقص دودھ، دہی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، صدر میرپور بار ایسوسی ایشن

جمعرات 22 جون 2023 23:08

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2023ء) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کامران طارق ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیف جسٹس عدالت عظمیٰ آزاد کشمیر کی ہدایت پر میرپور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، ناقص دودھ، دہی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، میرپور میں دودھ کے نام پر زہر فروخت کیا جا رہا تھا، مفاد عامہ کی جگہوں پر بااثر شخصیات نے تجاوزات کر لی تھیں جس پر چیف جسٹس آزاد کشمیر نے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے جس کے بعد میرپور انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی نے ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور دودھ کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کامران طارق ایڈووکیٹ نے کہا کہ چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم خان خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں، میرپور میں دودھ کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر کے اہلیانِ میرپور کے دل جیت لئے ہیں، میرپور کے ماسٹر پلان کو تباہ کرکے مفاد عامہ کے رقبوں پر قبضے کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور تجاوزات کی مسمارگی کے لیے اقدامات چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا قابل ستائش اقدام ہے۔

میرانشاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں