سابق آئی جی پولیس کے پی صلاح الدین محسود کے بھائی اغواء کے بعد قتل

جمعہ 11 اگست 2023 22:29

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2023ء) سابق آئی جی پولیس اور سابق ایف سی کمانڈنٹ صلاح الدین محسود کے بھائی نصر اللہ محسود کو اغواء کرکے قتل کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نماز جمعہ کے بعد دوپہر کے وقت سابق آئی جی پولیس صلاح الدین محسود کے بڑے بھائی نصر اللہ محسود اپنی گاڑی میں ٹانک بازار سے گھر جارہے تھے کہ کسٹم پمپ کے قریب پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا گن مین شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

مسلح افراد مقتول کو گاڑی سے اتار کر ساتھ لے گئے ،بعد ازاں منزئی کے علاقے سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔دوسری جانب زخمی گن مین سید عمل بھی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔واضح رہے کہ صلاح الدین محسود کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور آئی جی پولیس کے پی رہ چکے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور کار پر فائرنگ کی ،بعدازاں گن مین کو زخمی حالت میں چھوڑ کر مقتول کو اسی کار میں ساتھ لے گئے،ملزمان کی موٹر سائیکل پولیس کو مل گئی ہے جس کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

میرانشاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں