شمالی وزیرستان ،جاوید اقبال وزیر نے کارکن کے اغواء کا منصوبہ ناکام بنا دیا

قوم کو متحد ہو کرشرپسند عناصر کو ختم کرنا ہوگا تاکہ علاقے میں امن وامان برقرار رہے ،امیدوار این اے 48کا جرگہ سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:52

میرانشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) شمالی وزیرستان کے علاقے تحصیل شیوہ میں انتخابی امیدوار جاوید اقبال وزیرنے ساتھیوں کی مدد سے کارکن کے اغواء کا منصوبہ ناکام بنا دیا ،اغواء کار کو گرفتار کرکے سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق این اے 48شمالی وزیرستان سے آزاد امیدوار جاویداقبال وزیرتحصیل شیوہ میں جلسہ کرنے کے بعد آبائی علاقے رزمک جا رہے تھے کہ راستے میں کالے شیشہ کی جانب سے ان کے قافلے میں شامل گاڑی کو روک کران میں سوار افراد کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کرنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد جاوید اقبال وزیر نے ساتھیوں سمیت اغواء کاروں کی گاڑی کا گھیرائو کیا ،گاڑی میں سوا ر افراد کو گرفتار کرکے سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا ۔

واقعہ کے بعد قابل خیل قوم نے جرگہ طلب کرلیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال وزیر نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ اوراغواء کاری کے واقعات میں اضافہ ہو رہاہے جس کی وجہ سے علاقے میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کو متحد ہو کر ایسے عناصر کو ختم کرنا ہوگا تاکہ علاقے میں امن وامان برقرار رہے ۔اس موقع پر کابل خیل قوم کے مشیران نے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ اس مسئلے کو الیکشن کے بعد اعلی حکام کے ساتھ اٹھایاجائے گا ۔

میرانشاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں