مہمند ڈیم کا تعمیراتی کام شروع، 6ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

ڈیم کی تعمیر 6 سال میں مکمل ہو گی، 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی ، 16 ہزار737 ایکڑ زمین سیراب ہوسکے گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 1 جون 2019 12:07

مہمند ڈیم کا تعمیراتی کام شروع، 6ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ
مہمند ایجنسی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جون2019) واپڈا نے مہمند ایجنسی میں مہمند ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیم کی تعمیر کے لیے 6 ہزار ملازمین بھرتی کیے جائیں گے جبکہ ڈیم تعمیر کرنے والی چینی کمپنی کے نمائندے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔اس ڈیم کی تعمیر سے پشاور، چارسدہ اور پشاور کے شہروں کو سیلاب سے محفوظ ہو جائیں گے۔

مہمند ڈیم کی تعمیر کے بعد اس سے 800میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکے گی جبکہ اس سے 51ارب 60کروڑ روپے کی آمدن ہو گی۔ڈیم کی تعمیر کے بعد 16ہزار737ایکڑ زمین سیراب ہوسکے گی جبکہ 6ہزار افراد کو روزگار ملے گا اور 4ارب روپے مقامی آبادی کی تعلیم، صحت اور انفرسٹکچر کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ چئیرمین واپڈا مزمل حسین نے بتایا ہے کہ اس ڈیم کی تعمیر سے سارا علاقہ سرسبز وشاداب ہو جائے گا جبکہ ابھی ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے 90فیصد پانی ضائع ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

زیراعظم عمران خان نے 2مئی کو مہمند ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سمیت وفاقی وزراء اور چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے شرکت کی تھی۔ مہمند ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کے بعد منڈا ہیڈ ورکس سے ڈیم سائٹ تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔

ڈیم کے تعمیراتی علاقے میں تعمیراتی سرگرمیاں زور پکڑنے پر مقامی قبائل میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔گزشتہ روز چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے علاوہ مہمند سے رکن قومی اسمبلی ساجد خان کی سربراہی میں مقامی عمائدین نے ڈیم کی تعمیراتی جگہ کا دورہ کیا اور رابطہ سڑکوں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔یاد رہے کہ منڈا ہیڈورکس سے ڈیم سائٹ تک دریائے سوات کے دونوں کناروں پر زیر تعمیر رابطہ سڑکیں 15اعشاریہ 5 کلو میٹر طویل ہیں، یہ رابطہ سڑکیں ہیوی مشینری اور دیگر آلات ڈیم سائٹ تک پہنچانے کے لئے تعمیر کی جارہی ہیں۔

مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق کئی مراحل پہلے ہی مکمل کئے ہوچکے ہیں جن میں پانی کے اخراج کی پیمائش کے آلات کی تنصیب،موسمیاتی سٹیشن کا قیام اور سٹرکچر کی تعمیر کے لئے ابتدائی جیوٹیک بورنگ شامل ہیں۔

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں