حکومت گرانا کوئی مسئلہ نہیں مگر چاہتے ہیں حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے ‘رانا تنویر حسین

عمران خان ،وزراء انتقامی سیاست ،پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر رہے ‘رہنما (ن) لیگ

ہفتہ 13 اپریل 2019 16:38

حکومت گرانا کوئی مسئلہ نہیں مگر چاہتے ہیں حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے ‘رانا تنویر حسین
ْمریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت گرانا کوئی مسئلہ نہیں ، ایک دن میں حکومت کو گھر بھیج سکتے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کرے ۔

(جاری ہے)

متحدہ پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر حسین ، قومی پاور لفٹر استاد رانا علی حسن ، ڈاکٹر ولی حسن ، رانا واجد علی کی والدہ اور سینئر صحافی رانا باقر علی کی دادی کے انتقال کے موقع پر اظہار افسوس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر رانا کاشف الرحمن ، لیگی کونسلر شیخ شاہد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت نے قوم کو تاریخی مہنگائی ، بد امنی اور بیروز گاری کا تحفہ دیا ہے ہم نے پاکستان کو عالمی سطح پر اقتصادی معاشی اور دفاعی لحاظ سے جس جگہ لا کھڑا کیا تھا حکومت نے وہ سارے منصوبے ناکام کر دیئے ہیں عمران خان اور اس کے وزراء انتقامی سیاست اور پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر رہے انہوں نے کہا حکومت نے اپوزیشن جماعتو ں کو بالخصوص شریف خاندان کو نیب کے ذریعے جس طرح انتقامی کاروائی کا نشانہ بنا رکھا ہے اس کی مثال نہیں ملتی مولانا فضل الرحمن کی میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری سے ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اپوزیشن جماعتیں حکومت کے رویہ کے خلاف اور پاکستان کے دفاع کے سلسلہ میں ایک پیج پر ہیں بہت جلد اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بلائی جا رہی ہے اور کسی وقت بھی حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہو سکتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مودی اور عمران خان اندر سے ایک دوسرے کے دوست ہیں باہر سے دونوں نے اپنی اپنی عوام کو بیوقوف بنا رکھا ہے انہوں نے کہا میاں نواز شریف نے پاکستان کو دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ایٹمی ملک بنایا بھارت سولہ اور بیس اپریل کے درمیان پاکستان پر حملہ کی کبھی کوشش تو کیا سوچ بھی نہیں رکھ سکتا کیونکہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کو عوام کی حمایت حاصل ہے اب اگر جنگ ہوئی تو بھارت کے اندر ہو گی لہٰذا حکومتی وزراء کو چاہئے کہ بھارت کے متعلق مفروضے پر مبنی بیانات دے کر قوم میں مایوسی اور خوف و ہراس پیدا نہ کریں انہوں نے کہا پاکستان خطہ کا اتنا اہم ملک ہے کہ امریکہ بھی آج طالبان کی صلح کے سلسلہ میں پاکستان کی منتیں کر رہاہے انہوں نے کہا عمران خان کو پہلے بھی مشورہ دیا اب بھی دیتے ہیں کہ اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانے کی بجائے ساتھ لے کر چلیں اور ملک کو کس طرح چلانا ہے ہم سے مشورہ کر لیں اپوزیشن عمران خان جیسا طرز سیاست نہیں رکھتی ۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں