میرعلی سے نومنتخب چیئرمین اور جنرل کونسلرز کا تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان

وفاقی حکومت قبائلی اضلاع کی محرومیاں ختم کرنے کی بجائے مزید بڑھا رہی ہے،صوبائی وزیر

ہفتہ 18 جون 2022 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2022ء) شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سے نومنتخب چیئرمین اور جنرل کونسلروں نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے صوبائی وزیر برائے ریلیف بحالی وابادکاری اقبال خان وزیر کی موجودگی میں کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمد اقبال خان وزیر نے شمولیت کرنے والوں کو پاکستان تحریک انصاف کے مفلر اور ٹوپیاں پناکر ان کو خوش آمدید کہا۔

چیئرمین اور جنرل کونسلر حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف اور خیبر پختونخوا حکومت کا قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے پالیسیوں کو مدنظر رکھ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ ملکر شمالی وزیرستان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، ضم اضلاع کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لانا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وژن ہے جسکو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے قبائلی اضلاع کے ساتھ سوتیلا جیسا سلوک کیا جارہا ہے، سابقہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں قبائلی اضلاع کا ترقیاتی بجٹ 131 ارب روپے تک پہنچایا تھا جبکہ شہباز شریف حکومت نے اس پر کٹ لگاکر 110 ارب روپے کیا ہے جو قبائلی اضلاع کیساتھ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے اسکے علاوہ وفاقی حکومت قبائلی اضلاع کا صحت کارڈ پروگرام بھی ختم کررہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت قبائلی اضلاع کی محرومیاں ختم کرنے کی بجائے مزید بڑھا رہی ہے۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں