پرانی پارٹی میں ایسے لوگ آگئے جسکی وجہ سے عوام کی خدمت نہیں کرسکے، دوسری بار موقع ملا ہے اسے ضائع نہیں کرینگے ‘ جہانگیر ترین

ہفتہ 23 ستمبر 2023 22:41

ْپاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے پاکپتن میں ایک ہزار سیلاب متاثرہ گھرانوں کے لیے امدادی پیکیج دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنا اور غریبوں کا خیال رکھنا میرا فرض اور شوق ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ مستحق لوگوں کی مدد کریں،انشا اللہ میری طرف سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر دربار بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے سجادہ نشیں سابق ایم پی اے پاکپتن دیوان عظمت سید محمد چشتی، فرخ مانیکا، محمد شاہ کھگہ نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکیج کے اعلان پر جہانگیر ترین کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب سے اسحاق خان خاکوانی اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا میرا شوق ہے، عوامی خدمت کا موقع ضائع نہیں کریں گے، یہ بات میر ے دل سے نکلتی ہے، اللہ نے ہمیں بہت نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ مستحق لوگوں کی خدمت کریں، ہمارا فرض ہے کہ عوام کے حالات ٹھیک کریں، ہماری پرانی پارٹی میں کچھ ایسے لوگ آگئے کہ ہم عوام کی خدمت نہیں کرسکے، اب دوسری بار ہمیں موقع ملا ہے، اسے ضائع نہیں کریں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کا یہ حق ہے کہ حکومت وقت ان کے مسائل حل کرے، ہم پاکستان کو طاقتور بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، جب عوام کے حالات ٹھیک ہوں تو ملک مضبوط ہو گا، اللہ نے موقع دیا تو ہم مل کر ایسا کام کریں گے کہ عوام کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ 75 سال گزر گئے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کہ عوام صحت اور بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے، اگر عوام کو یہ سہولتیں نہیں ملیں تو اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اقتدار میں رہے، دعا کریں کہ ہم دنیا میں جا کر ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا حصہ ڈالیں، ہماری پارٹی کو صرف عوام کا خیال ہے۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں