صوبائی حکومت خواتین کے ساتھ ساتھ ٹرانس جینڈر کے حقوق کے لیے بھی مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے، شوکت علی یوسفزئی

ٹرانس جینڈر کی باعزت رہائش ان کو سکیورٹی، علاج اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئی سکیمیں لا رہے ہیں،30 سال تک باریاں لینے والی حکومتوں نے ٹرانس جینڈر اور خواتین کے حقوق کے لیے مضبوط ادارے بنانے کی بجائے دوسرے اداروں کو بھی کمزور کر دیا،وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا

جمعرات 23 مئی 2019 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کے ساتھ ساتھ ٹرانس جینڈر کے حقوق کے لیے بھی مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے ٹرانس جینڈر کی باعزت رہائش ان کو سکیورٹی، علاج اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئی سکیمیں لا رہے ہیں۔ 30 سال تک باریاں لینے والی حکومتوں نے ٹرانس جینڈر اور خواتین کے حقوق کے لیے مضبوط ادارے بنانے کی بجائے دوسرے اداروں کو بھی کمزور کر دیا۔

افطار پارٹیاں کھانے والی پارٹیوں نے ملک کا خزانہ کھانے کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو خسارے کے انتہائی درجہ تک پہنچایا۔ زرداری اور نوازشریف حکومتوں کی وجہ سے سوئی گیس کو 154 ارب روپے بجلی 1250 ارب روپے اور پی آئی اے کو 375 ارب روپے خسارہ ہوا۔

(جاری ہے)

دونوں کی حکومتوں میں ان کی ذاتی شوگر ملز اور سٹیل ملز ترقی کرتی رہیں جبکہ کراچی سٹیل مل نقصان کرتی رہا۔

پی پی پی اور پی ایم ایل ن کے لیے گئے 30 ہزار ارب روپے پر وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے روزانہ تقریباً سات ارب روپے سود واپس کر رہی ہے۔ اس مشکل حالات میں وزیراعظم عمران خان نے سخت فیصلوں کی وجہ سے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے اور بہت جلد مشکل حالات ختم ہو جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکاس یونیورسٹی پشاور میں زمونگ جوند کے زیر انتظام جینڈر ایکویلٹی کے موضوع پر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔

سیمینار میں سیکا س یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ریاض احمد خٹک، صوبائی محتسب رخشندہ ناز، اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب، ایس پی شازیہ، وفا وزیر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کو پچھلی حکومتوں نے مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کے لئے اربوں روپے کے قرضے لیے جس کی وجہ سے ملک بین الاقوامی سطح پر دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا انہی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے دوست ممالک کے دورے کئے تاکہ وہاں سے سرمایہ کاری لائیں عمران خان کی قیادت میں ملک کی ترقی کے لئے صحیح سسٹم بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت خواتین کو مزید با اختیار بنا رہی ہے خواتین کی آبادی ملک کی نصف آبادی سے زیادہ ہے خواتین کے مثبت کردار کے بغیر ترقی ناممکن ہے خواتین محنتی ہیں صوبائی حکومت کام کرنے والی عورتوں کو تحفظ دینے کے لیے قانون سازی کر رہی ہے اور بڑے شہروں میں کام کرنے والی خواتین کی رہائش کے لیے ورکنگ وومن ہاسٹل جلد بنائیں جائیں گے۔ ٹرانس جینڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ان کو باعزت روزگار مہیا کرنے کے لیے ان کو ان کے مرضی کے ہنر سکھانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جبکہ صحت کے مسائل کے حل کے لیے ٹرانس جینڈر کو صحت کارڈ بھی جاری کیے جارہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں