ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں، موسلادھار بارش اور برفباری کی پیشگوئی

جمعہ 5 جنوری 2024 19:44

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2024ء) ملک بھر کے مختلف شہر شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی دھند نے ہرشے کو دھندلادیا ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ، خاران، زیارت، کواس، چینہ، زڑگی میں برفباری نے ہرشے کوسفید چادر اوڑھادی نوشکی میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پہاڑوں پرمزید برفباری کی پیش گوئی کی ، برفباری اور بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کے 20 اضلاع میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی۔

(جاری ہے)

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کوئٹہ، چاغی، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، پشین، مستونگ، قلات، خضدار، ہرنائی، سبی، نوشکی، خاران میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ، لسبیلہ، تربت، پنجگور، کیچ، آواران اور مکران کے ساحلی علاقے، پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام کو بارش اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں منفی 1، سبی 5، نوکنڈی 7 اور تربت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جیوانی اور گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت بالترتیب 14 اور 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی دھند نے ہرشے کو دھندلادیاہے۔پنجاب کے شہر لاہور شدید سردی کی لپیٹ میں رہا، شہرکا موجودہ درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا، جبکہ پنجاب کے موٹرویز کے کئی سیکشنز کو دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون اسلام آباد سے پشاور تک ، موٹروے ایم فائیو ظاہر پیر سے شیر شاہ تک ، موٹروے ایم ٹو اسلام آباد سے چکری تک ، ہزارہ ایکسپریس وے کو برہان سے جھاری کس تک ، موٹروے ایم فورٹین کو ہکلہ سے فتح جنگ تک بند کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں