دنیا بھر کے مسلمان اپنی طاقت پر بھروسا کریں ،اتحاد و ایمان کے ہتھیاروں سے اپنے خلاف اغیار کی سازشوں کی ناکام بنا دیں، سردار مسعود خان

مسلمان اُس نبی ﷺ کے پیروکار ہیں جو تنے تنہا غار حرا سے نکلے تھے ،مختصر مدت میں نا صرف اُس وقت کی دو سپر پاور کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا بلکہ آج اُن کے دین کے ماننے والوں کی تعداد دو ارب سے تجاوز کر گئی ہے، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 28 اگست 2020 18:16

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اپنی طاقت پر بھروسا کریں اور اتحاد و ایمان کے ہتھیاروں سے لیس ہو کر اپنے خلاف اغیار کی سازشوں کی ناکام بنا دیں۔ مسلمان اُس نبی ﷺ کے پیروکار ہیں جو تنے تنہا غار حرا سے نکلے تھے اور مختصر مدت میں نا صرف اُس وقت کی دو سپر پاور کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا بلکہ آج اُن کے دین کے ماننے والوں کی تعداد دو ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔

شمالی امریکہ سے ایشیاء اور افریقہ سے یورپ تک کوئی خطہ زمین ایسا نہیں جہاںآج اللہ اکبر کی آواز نہ گونجتی ہو۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز راولاکوٹ میں سردار محمد الطاف خان اور مولانا عبدالعزیز تھوراڑوی کے جانشین مولانا عبدالرزاق کی قیادت میں ایک اٹھارہ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطہ تھوراڑ کے لوگوں کا وہ بے حد احترام کرتے ہیں کیونکہ یہ وہ خطہ ہے جہاں کے بزرگوں نے کشمیر کی جنگ آزادی میں بے پناہ قربانیاں دیں اور ان قربانیاں دینے والوں میں صرف مرد ہی نہیں بلکہ حسین بی بی خاتون بھی تھی جس نے بہادری اور جرات کی ایک تاریخ رقم کی۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہمارا بھارت کے لئے یہ پیغام ہے کہ وہ آزادکشمیر پر حملہ کرنے سے پہلے دس بار سوچے کیونکہ یہاں کے مرد ہی نہیں بلکہ خواتین بھی لڑنے اور مرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی تھوراڑ جاتے ہیں تو اُن چھتیس شہداء آزادی کی قبروں پر حاضری ضرور دیتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز تھوراڑوی نے اس علاقے میں لوگوں کی ذہن سازی اور انہیں دینی روایات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی تھوراڑ ، منگ اور ملحقہ علاقوں میں جہاد کا جذبہ نوجوانوں میں پوری طرح موجزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بڑے دین کے پیروکار ہیں اس لئے ہمیں چھوٹے چھوٹے مفادات کے لئے اپنی صفوں میں دراڑیں نہیں ڈالنی چاہیے تاکہ ہم ایک متحد اور طاقتور قوم بن کر بھارت کے مقابلے کے لئے تیار ہو سکیں۔

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں بھارت سے ڈرنے اور نہ ہی کوئی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت ہمارے اوپر ظلم بھی کرے اور ہم اس کے مقابلے میں دفاعی پوزیشن اختیار کر کے بیٹھ جائیں۔ مسلمان اور کشمیری اٹھیں گے، بھارت کا مقابلہ کریں گے اور اس کے ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے بلکہ وہ ہماری تہذیب وتمدن پر بھی حملہ آور ہوا ہے جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں وہ جہاں بھی جاتے ہیں لوگوں سے یہی کہتے ہیں کہ وہ مختلف جماعتوں میں ضرور رہیں لیکن تنگ نظری اور عدم برداشت سے گریز کرتے ہوئے کسی ایک ایسے نقطے پر ضرور جمع ہو جائیں جس میں اجتماعیت کا فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کالجوں اور یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں بچے مختلف سوچ لے کر پروان چڑھ رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بڑے ہو کر ضرور ایک انقلاب لائیں گے۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اگر ہم نے نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو ایک بڑے مقصد کے لئے تیار کر لیا تو کوئی وجہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ دستار قیادت آپ کے سر پر نہ سجائے۔ اپنی زندگی کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ وہ 1990سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی محاذ پر جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ جہاں اور جس فورم پر گے بھارتیوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، کیونکہ اُن کا کشمیرکے حوالے سے بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور ہم سچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے قائد اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار محمد الطاف خان نے صدر آزادکشمیر کی عالمی سطح پر سیاسی اور سفارتی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور راولاکوٹ اور تھوراڑ کے عوامی مسائل حل کرنے کی کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ سردار الطاف خان نے عوام علاقہ تھوراڑ کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف مسائل سے صدر ریاست کو آگاہ کیا جس پر صدر آزادکشمیر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ بتدریج اُن کے مسائل متعلقہ حکومتی محکموں کے ذریعے حل کرائیں گے ۔

بعد میں سرکٹ ہائوس راولاکوٹ میں صدر آزادکشمیر سے مسلم لیگ حلقہ پانچ کے صدر سردار عاشق اور سردار جاوید کی قیادت میں دریک ڈھوک کے عوامی وفد ممتاز نقیبی کی قیادت میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر آزادکشمیر نے عوامی وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔ صدر سردار مسعود خان سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بیڑی کے وفد نے سکول کے صدر معلم کی قیادت میں ملاقات کی جبکہ حلقہ چار کے ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنما ابرار حسین حقانی اور سردار جاوید صادق نے بھی صدر سردار مسعود خان سے ملاقاتیں کیں۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں