نئی بننے والی حکومت معیشت کی بہتری کے لئے کام کرے گی، ثاقب رفیق

پیر 12 فروری 2024 22:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدرثاقب رفیق نے کہا ہے کہ امید ہے نئی بننے والی حکومت معیشت کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں صدر چیمبر نے کہا کہ نو منتخب حکومت پائیدار اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرے گی،ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام ہے، امید ہے اتفاق رائے سے مخلوط یا قومی حکومت بنے گی جس سے انویسٹرز کا اعتماد بحال ہو گا۔

ثاقب رفیق نے مطالبہ کیا کہ نئی حکومت سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے درمیانی اور طویل مدتی معاشی پلان ترتیب دے، چار ٹر آف اکانومی کو یقینی بنائے، پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تاجربرادری پرامن انتخابات کا خیر مقدم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئی حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کرے گی،ملک کوترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کاروبارآسان کرنا ہو گا، بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کا دائرہ کار پورے ملک کے کونے کونے میں پھیلانا ہو گا، کاروباری لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنا ہوں گی، علاقائی تجارت کو فروغ دینا ہو گا، اور غیر روایتی شعبوں جیسے آئی ٹی، جیمز اینڈ جیولری، ماربل، پولٹری، سیاحت اور خدمات کے شعبے کو ترجیح بنیاد پر مراعات دینا ہوں گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں