امریکا،بوائے فرینڈ کی خودکشی کے بعد گرل فرینڈ پر قتل کی فرد جرم عائد

جنوبی کوریا کی گرل فرینڈ پر اپنے بوائے فرینڈ پر جسمانی، ذہنی و جذباتی تشددکا الزام،ملزمہ فیصلے کے وقت موجود نہیں تھیں

منگل 29 اکتوبر 2019 16:29

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2019ء) امریکی عدالت نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی کالج کی سابق طالبہ پر بوائے فرینڈ کو خودکشی پر اکسانے کی فرد جرم عائد کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ریاست میساچوٹس کے شہر بوسٹن کے کالج کی طالبہ 21 سالہ انینگ یو پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ پر جسمانی، ذہنی و جذباتی تشدد کیا، جس وجہ سے ان کے بوائے فرینڈ نے خودکشی کرلی۔

جنوبی کوریا کی طالبہ رواں برس کے وسط میں گریجوئیشن مکمل کرکے واپس اپنے ملک چلی گئی تھیں اور ان کے گریجوئیشن کلاس فیلو بوائے فرینڈ 22 سالہ الیگزینڈر ارتلا نے گریجوئیشن کی ڈگری حاصل کرنے سے چند ہفتے قبل رواں برس مئی میں خودکشی کرلی تھی۔میساچوٹس کی عدالت نے خودکشی کرنے والے 22 سالہ الیگزینڈر ارتلا کی گرل فرینڈ 21 سالہ انینگ یو کو بوائے فرینڈ کی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کردی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دوران سماعت پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ جنوبی کورین لڑکی اور خودکشی کرنے والے شاگرد کے درمیان گزشتہ 2 برس سے تعلقات تھے اور دونوں کے درمیان انتہائی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوتا تھا۔وکلا نے عدالت کو بتایا کہ لڑکی ہمشیہ اپنے بوائے فرینڈ کو ذہنی و جذباتی اذیت دینے کے لیے انہیں سخت جملوں پر مبنی موبائل پیغامات بھجواتی تھیں۔

وکلا نے انکشاف کیا کہ گرل فرینڈ نے متعدد بار اپنے بوائے فرینڈ کو خود کو مارنے یا مرجانے کے پیغامات بھی بھجوائے، علاوہ ازیں وہ ان پر جسمانی تشدد بھی کرتی رہیں۔عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ 21 سالہ لڑکی نے خودکشی کرنے والے لڑکے کو خودکشی سے قبل آخری 2 ماہ 7 ہزار 500 پیغامات بھجوائے جن میں سے زیادہ تر تلخ جملوں اور طعنوں پر مبنی تھے۔وکلا نے بتایا کہ حد تو یہ ہے کہ جہاں الیگزینڈر ارتلا نے خودکشی کی ان کی گرل فرینڈ اس مقام سے کچھ دوری پر تھی اور وہ ان بوائے فرینڈ کی جانب سے خودکشی کیے جانے سے قبل ان کا پیچھا بھی کر رہی تھیں۔

وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے 21 سالہ جنوبی کورین لڑکی کو بوائے فرینڈ کی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان پر قتل کی فرد جرم عائد کردی۔رپورٹ کے مطابق جس لڑکی پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی وہ سماعت کے وقت اپنے آبائی ملک جنوبی کوریا میں تھیں اور ان کی جانب سے کیس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ جنوبی کورین لڑکی امریکی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کریں گی۔

صادق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں