ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

پاکستان پٹرولیم لیمیٹڈ کو سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر میں دوران کھدائی ذخائر کی دریافت کے حوالے سے کامیابی حاصل ہوئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 13 اکتوبر 2022 23:11

ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
سانگھڑ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر 2022ء) ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پٹرولیم لیمیٹڈ کو سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر میں دوران کھدائی ذخائر کی دریافت کے حوالے سے کامیابی حاصل ہوئی۔

3 ہزار 560 میٹر گہری کھدائی کے بعد گیس کے ساتھ ساتھ تیل کے ذخائر بھی دریافت ہوئے، پی پی ایل کی جانب سے ذخائر کی دریافت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ خیبرپختونخواہ میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ خیبرپختوںخواہ کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک میں تیل وگیس کے ذخائر دریافت ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ ان دریافت شدہ ذخائر سے یومیہ 8.3ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور34بیرل خام تیل کی پیداوار ہو گی۔

یہاں واضح رہے کہ ملک میں رواں سال جون کے ماہ میں بھی تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے دوران اہم کامیابیاں حاصل ہوئی تھیں۔ جون میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو سندھ اور پنجاب میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے دو بڑی کامیابیاں ملیں۔ تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے دوران پہلی کامیابی سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں نم بلاک سے ملی جہاں یومیہ 1400 بیرل تیل جبکہ 50 لاکھ 20 ہزار مکعب فٹ گیس کے ذخائردریافت ہوئے۔

جبکہ توانائی کے ذخائر کی تلاش کے دوران دوسری اہم کامیابی پنجاب کے ضلع راجن پور کے کلچاس بلاک کے مقام پر ملی جہاں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے، بتایا گیا اس علاقے سے یومیہ 12 لاکھ 40 ہزار کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں خاص کر گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، اس صورتحال میں رواں سال کے دوران دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر ملک کی گیس کی طلب کچھ نہ کچھ حد تک پوری کرنے میں مدد دیں گے۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں