سبی میں بم دھماکہ ؛ 4 ایف سی اہلکار شہید ‘ 6 شدید زخمی ہوگئے

سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا ‘ واقعے میں زخمی ہونے والے تمام 6 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 مارچ 2022 12:49

سبی میں بم دھماکہ ؛ 4 ایف سی اہلکار شہید ‘ 6 شدید زخمی ہوگئے
سبی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 15 مارچ 2022ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ سبی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 6 شدید زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع سبی کی تحصیل سانگان میں پیش آیا ، جہاں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 6 شدید زخمی ہوئے ، شہید اور زخمی ہونے والے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) سبی منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی ہونے والے تمام 6 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ہی سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس کارروائی میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں جیل روڈ پر دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے ، یہ بم دھماکہ سبی کے علاقے جیل روڈ پر حبیب چوک کے قریب ہوا جس میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ، اس حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 28 افراد کو سبی ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے ، زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا ، جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ۔

اس سے پہلے پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں60 سے زائد افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے ، دھماکے کے حوالے سے بیرسٹر سیف نے بتایا کہ نمازجمعہ کے وقت کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکا ہوا ، اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی ، دھماکےسے قبل دہشت گرد اور تعینات اہلکارمیں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، پولیس نے دھماکے کے بعدعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ کالے لباس میں ملبوس خودکش حملہ آور نے پہلے سکیورٹی اہلکاروں پر 5 سے 6 فائر کیے اور پھر تیزی سے مسجد کے اندر داخل ہوا اور خود کو اڑا دیا ، خودکش حملہ آور نے خود کو منبر کےسامنے اڑایا اور دھماکے کے بعد مسجد کے ہال میں ہر طرف انسانی اعضا پھیل گئے۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں