سی پیک کے حوالے سے ہمارے صوبے پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کرونگا،اسد قیصر

فاٹا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے،ملک میں قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی قائم کرینگے،سپیکرقومی اسمبلی کاصوابی انٹرچینج پرشانداراستقبال ائیر فورس کے ریٹائرڈ اہلکار نور الحق کی وفات پر فاتحہ خوانی کی

اتوار 19 اگست 2018 20:50

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے جو وعدے ہمارے ساتھ ہوئے تھے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اس حوالے سے یقین دلاتا ہوں کہ سی پیک کے منصوبے میں ہمارے صوبے اور عوام کے جو حقوق ہے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرونگا بلکہ اس منصوبے میں اپنے صوبے کے حقوق لے کر رہونگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے گائوں موضع مرغز میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا قبل ازیں پی ٹی آئی ضلع صوابی کے ہزاروں کارکنوں نے صوابی انٹر چینج پر سپیکر اسد قیصر کا شاندار استقبال کر کے ایک بڑے جلوس کی شکل میں موضع مرغز لایا جلسے سے قبل انہوں نے صوابی میں گذشتہ ہفتے نامعلوم سی ٹی ڈی اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ائیر فورس کے ریٹائرڈ اہلکار نور الحق کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے جلسے سے خطاب کر تے ہوئے فاٹا کے عوام اور وہاں کے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ فاٹا کے لئے سب سے زیادہ جدوجہد پی ٹی آئی کے چیر مین عمران خان نے کی تھی ۔ وہاں روزگار ، ہسپتال اور سکول وغیرہ نہیں ہے دہشت گردی کی جنگ کے سبب وہاں تمام انفرا سٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اس لئے وہاں کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا اولین ترجیح اور ایجنڈا روزگار کاہے اور الیکشن میں جو وعدے کئے تھے اس کے مطابق یہاں روزگار کے مواقع پیدا کر کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگا ر فراہم کرینگے اور اپنے عوام کو سعودی عرب اور متحدہ امارات میں محنت مزدوری کرنے سے چھٹکارہ دلائینگے۔

پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے علاوہ اپنے ہی ملک میں قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی قائم کرینگے تمباکو کے کاشتکاروں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ٹو بیکو بورڈ اور کاشتکاروں کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے ان کے حقوق کا تحفظ کرینگے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اوروولٹیج کی کمی دور کرنے کے لئے گذشتہ روز واپڈا ور گیس سمیت مختلف محکموں کے آفسران بالا کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں واپڈا کے حکام نے بتایا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے ، وولٹیج کی کمی دور کرنے اور سٹاف کی کمی دور کرنے کے لئے پچاس ارب روپے در کار ہے۔

اسی طرح صوابی کے گھر گھر گیس پہنچا ئیں گے پہلے دو سال لگتے تھے اب گیس کے مسائل حل کرنے میں سال لگے گا ۔ ا نہوں نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل نو کے بعد واپڈا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے تاکہ واپڈا نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے بلکہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے عوام کو نجات مل سکے انہوں نے کہا کہ واپڈا میں گیارہ ہزار خالی آسامیاں پڑی ہیں جسے گذشتہ پانچ سال میں پُر نہیں کئے گئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو احساس ہوا ہے کہ اس ملک میں اہم اپنا کر دار ادا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے گیس ، بجلی ، سی پیک ، دریائے سندھ کے پانی ، روزگار اور گدون مراعات کے حوالے سے جو وعدے کئے تھے میرا اللہ پر ایمان ہے کہ پورا کر ک رہونگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے مشورہ کیا کہ چونکہ مرکز میں پی ٹی آئی کی نشستیں کم ہے اس لئے اب مرکز میرا ہے اور میں آپ کو صدر پاکستان ، قومی اسمبلی کے سپیکر سمیت اہم عہدے دونگا لیکن میں نے اپنے ساتھیوں ، ورکروں اور قائدین کی مشاورت سے پارلیمنٹ کی سپیکر شپ کے عہدے کو ترجیح دی اور یہ ایک بہت اہم عہدہ ہیں۔

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک وزیر دفاع ،نور الحق قادری وزیر مذہبی امور اور وہ خود سپیکر بننے کے بعد اب بڑی بڑی اوراہم وزارتیں خیبر پختونخو ا آرہی ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ خیبر پختونخوا اس پوزیشن پر پہنچ گئی ہے اس پر سارے صوبے اور اپنے ضلع صوابی کے عوام کو مبارک باد پیش کر تا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک ، اپنے حلقے کے عوام ، عمران خان اور پارٹی نے جو عزت دی میرا وعدہ ہے کہ آپکے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائونگا میں نے عمران خان کے ساتھ ایک نظریئے ، سوچ اور مقصد کے لئے ساتھ دیا ہے اس کے ساتھ اس حوالے سے چلتا رہونگا ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور عوام کے لئے پارلیمنٹ میں ایسا کر دار ادا کرونگا جو تاریخ کا ایک حصہ بنے گا۔ بہنوں اور مائوں نے میرے ساتھ تعاون کر کے جس بڑی تعداد میں ووٹ دیئے اس پر سب کا شکریہ ادا کر کے ان کے بنیادی مسائل حل کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جو عزت مجھے فراہم کی ہے وہ الفاظ میرے پاس نہیں کہ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرو عوام نے جو کر دار ادا کیا ہے اس کر دار کے لئے میرے لئے ہر شخص سٹار ہے۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں