سوات ،14گھنٹے بجلی بندش کیخلاف شہریوں کا سڑکوں پر نکل کر احتجاج

ایم پی اے حمید الرحمان کاپیسکو حکام سے رابطہ ،لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ

پیر 25 مارچ 2024 21:00

ْسوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) سوات کے دیہی علاقوں میں14گھنٹے بجلی بندش کے خلاف شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ ایم پی اے حمید الرحمان نے موقع پر پہنچ کر پیسکو حکام سے رابطہ کرکے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔تحصیل کبل میں مظاہرین نے نصرت چوک کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مظاہرے کی قیادت کبل انڈسٹریز یونین کے صدر ڈاکٹر زاہد فاروق اور رحمت علی کررہے تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ رات ایک بجے سے لے کر تاحال اڈے اتار کر بجلی بند کردی گئی ہے جو واپڈا اہلکاروں نے اپنا معمول بنایا ہواہے۔ آئے روز غیراعلانیہ بجلی کے اڈے اتار کر پورے علاقہ کو تاریکی میں ڈبودیتے ہیں جس سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

روزہ داروں اور بالخصوص نمازیوں کیلئے مساجد میں پانی کی عدم دستیابی سے مشکلات اور زیادہ بڑھ جاتی ہیں۔

تھوڑا بہت کاروبار اگر ہوتاہے تو بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ بھی ٹھپ ہوکر رہ جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مظاہرین کے جمع ہونے پر متعلقہ واپڈا ایس ڈی او کے ساتھ رابطہ بھی کیا گیا لیکن اس نے موقع پر آنے اور مظاہرین سے بات کرنے سے صاف انکار کردیا جس سے عوام میں مزید اشتعال پھیل گیا۔ ایم پی اے حمید الرحمن احتجاج کی جگہ پہنچ گئے۔ قائدین سے مذاکرات کے بعد ایم پی اے حمیدالرحمن نے کہا کہ دو تین دن کے اندر اس کیلئے باقاعدہ کمیٹی بنائی جائے گی جو اس صورت حال کا پورا جائزہ لے گی جبکہ اس میں متعلقہ ایس ڈی او کو بھی شامل کریں گے جس کی بنائ پر اس صورت حال کا فوری حل نکالا جائیگا۔ ایم پی اے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے پرامن طریقے سے احتجاج ختم کردیا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں