پاکستان گزشتہ 4سال سے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے مقابلہ جیتنے میں ناکام

سال رواں ون ڈے میں پاکستان پر کمزور ٹیمیں بھاری،7 فتوحات میں 5 زمبابوے کیخلاف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 6 نومبر 2018 14:40

پاکستان گزشتہ 4سال سے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے مقابلہ جیتنے میں ناکام
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6نومبر2018ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز بدھ سے شروع ہورہی ہے اور اس سیریز میں پاکستان کے پاس نیوزی لینڈ سے پرانے بدلے چکانے کا موقع آگیا ہے۔گرین شرٹس دسمبر2014ءکے بعد سے ا ب تک کیویز کے خلاف ایک بھی ون ڈے میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے ،گزشتہ 4سال کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ12ون ڈے میچز میں آمنے سامنے آئے ہیں جن میں ایک بارش کی نذر ہوگیا جب کہ کیویز نے دیگر11مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ۔

ادھر ٹی ٹونٹی میں نمبر ون پاکستان ون ڈے میں کمزور ٹیموں کا شکاری ثابت ہوا۔ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کا طوطی بول رہا ہے، عالمی نمبر ون ٹیم نے مسلسل 11سیریز فتوحات، لگاتار 11بار ہدف کے کامیابی سے تعاقب اور ایک سال میں 17میچ جیتنے کے ریکارڈز اپنے نام کرلیے ہیں، مسلسل 9مقابلوں میں فتح کا قومی ریکارڈ بھی بن گیا۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس کا اگلا امتحان نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز ہے،ٹی ٹونٹی کے برعکس اس فارمیٹ میں پاکستان کی کارکردگی قابل رشک نہیں،گرین شرٹس نے رواں سال 15میچز میں 7فتوحات حاصل کی ہیں۔

ان میں سے بھی 5زمبابوے، ایک ایک افغانستان اور ہانگ کانگ جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف تھیں۔ون ڈے کرکٹ میں فتوحات کے لحاظ سے انگلینڈ سرفہرست ہے جس نے 24میں سے 16میچ جیتے اور 6میں مات کھائی، 2 مقابلے بے نتیجہ رہے۔ کامیابی کا تناسب 73.91 فیصد ہے، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈکی فتح کی شرح 70 فیصد ہے۔بھارت کی کامیابیوں کا تناسب بھی اتنا ہی لیکن معمولی فرق کی وجہ سے تیسری پوزیشن پر ہے، اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش 64.70، آئرلینڈ 61.53، افغانستان 60.00، جنوبی افریقہ 53.33، نیدرلینڈز50، پاکستان 46.45، ویسٹ انڈیز 46.66 فیصد میچ جیت کر ٹاپ 10میں شامل دیگر ٹیمیں ہیں۔
وقت اشاعت : 06/11/2018 - 14:40:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :