علیم ڈار نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

200ون ڈے میچز مکمل کرنے والے تیسرے امپائر بن گئے ،ٹیسٹ ریکارڈ سے صرف 3مقابلے دور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 مئی 2019 16:01

علیم ڈار نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مئی 2019ء) پاکستانی آئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار نے ون ڈے میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کرلی ۔ آئرلینڈ میں جاری تین ملکی ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ان کے کیریئرکا 200واں میچ ہے ۔ جھنگ سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ علیم سرور ڈار ایک روزہ میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والے تیسرے امپائر بنے ہیں۔

اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن 209 میچوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، نیوزی لینڈ کے بلی باﺅڈن 206 ایک روزہ میچ سپروائز کرکے دوسرے نمبرپر ہیں۔پی اینڈ ٹی جم خانہ لاہور کے پلیٹ فارم سے امپائرنگ شروع کرنےوالے علیم ڈار 2004ءمیں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے۔ انہیں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے مزید تین ٹیسٹ میچوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جمیکا کے سٹیوبکنر نے 128 ٹیسٹ میچ اپنے نام کے آگَے درج کرواچکے ہیں۔ علیم ڈار کے ٹیسٹ میچز کی تعداد 126 ہے، 2009 ءسے 2011ءتک لگاتار تین بار آئی سی سی کے بیسٹ امپائر کی ٹرافی جیتنے والے یہ قابل فخر پاکستان امپائر اس سے پہلے سب سے زیادہ 43 ٹی ٹونٹی میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کرنے والے علیم ڈار اس بار5 ویں بار ورلڈکپ میں ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
وقت اشاعت : 07/05/2019 - 16:01:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :