محمد عامر کی پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت پر بریڈ ہوگ کی تنقید

آﺅٹ آف فارم بولر کو شامل کرنے سے صاف دکھائی دیتا ہے کہ پاکستانی ٹیم گھبراہٹ کا شکار ہوچکی :سابق سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 مئی 2019 13:23

محمد عامر کی پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت پر بریڈ ہوگ کی تنقید
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2019ء) آسٹریلیا کے سابق سپنر بریڈ ہوگ نے فاسٹ بولر محمد عامر کی پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایک انٹر ویو میں بریڈ ہوگ نے کہا کہ ایک آﺅٹ آف فارم باﺅلر کو شامل کرنے سے صاف دکھائی دیتا ہے کہ پاکستانی ٹیم گھبراہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ اگر وہ پہلے والے اٹیک پر ہی اعتماد برقرار رکھتی تو میں اسے ورلڈ کپ کی ٹاپ 4 سائیڈز میں شامل کرتا۔

ہوگ نے وہاب ریاض کو میگا ایونٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیس اور یارکر سے حریف ٹیموں کے لیے مشکلات پیداکرسکتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے فہیم اشرف، جنید خان اور عابد علی کو ڈراپ کر کے محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کیا تھا۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولنگ میں تجربے کا فقدان نظرآیا لہٰذا محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں دو تجربہ کار بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔محمد عامر کو ان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ابتدائی سکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی البتہ انھیں انگلینڈ کے دورے پر لے جایا گیا تھا تاہم چکن پاکس کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ایک بھی ون ڈے میچ نہیں کھیل پائے تھے،محمد عامر کی حالیہ کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے وہ 14 ون ڈے میچوں میں صرف 5 وکٹیں حاصل کر پائے ہیں جن میں سے نو میچ ایسے بھی ہیں جن میں انھیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی۔

محمد عامر کی طرح وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کو بھی چونکا دینے والا فیصلہ کہا جاسکتا ہے۔ وہاب ریاض دو سال سے ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ انھوں نے اپنا آخری ون ڈے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کےخلاف ایجبسٹن میں کھیلا تھا جس میں وہ باﺅلنگ کرتے ہوئے ان فٹ ہو گئے تھے لیکن اس سے قبل وہ8.4 اوورز میں 87 رنز دے چکے تھے، وہاب ریاض کے سلیکشن کے حق میں یہ بات ضرور جاتی ہے کہ رواں برس انھوں نے پی ایس ایل اور پھر قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
وقت اشاعت : 29/05/2019 - 13:23:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :