پی ایس ایل 5، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو3 وکٹوں سے شکست دیدی

اعظم کی نصف سنچری ، بین کٹنگ کی ذمہ درانہ اننگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 فروری 2020 01:01

پی ایس ایل 5، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو3 وکٹوں سے شکست دیدی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری2020ء ) پاکستان سپرلیگ 5کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو3 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل کے دفاع کا کامیاب آغاز کیا ہے-اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ملنےوالے169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور پہلے جیسن روئے بغیر رن بنائے موسی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے اور پھر واٹسن 15 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، احمد شہزاد بھی 7 رنز بنا موسی کا دوسرا شکار بنے،کپتان سرفراز احمد نے اعظم خان کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے جس کے بعد سرفراز 21 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، ہیڈ کوچ معین خان کے بیٹے اعظم خان نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 59 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے،محمد نواز بھی 23 رنز بنا کر عاکف کی گیند پر پوویلین لوٹے، سہیل خان 18 رنز کی عمدہ باری کھیل کر پوویلین لوٹے،بین کٹنگ نے22 ناٹ آوٹ رنز بنا کر کوئٹہ کو کامیابی دلائی- اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی پہلی ہی گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے وکٹ حاصل کر لی،محمد نواز کی جانب سے کرائی گیند پر کولن منرو انہی کو واپس آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے،اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کی، رونکی نے سہیل خان کو ایک اوور میں چھکا اور چوکا لگایا لیکن ایک اور چوکا لگانے کی کوشش میں وہ پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 23رنز بنائے۔

ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس کے بعد حسین طلعت محمد حسنین کی گیند پر 19 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، کولن انگرام بھی صرف 6 رنز بناسکے،ڈیوڈ مالان 64 رنز بنانے کے بعد بین کٹنگ کا شکار بنے، آصف علی کی باری 19 رنز تک محدود رہی ،شاداب خان بھی صرف 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،فہیم اشرف 20 رنز بنا کر حسنین کی تیسری وکٹ بنے جنہوں نے موسی کو پوویلین بھیج کر چوتھی وکٹ حاصل کی،اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 1 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، بین کٹنگ 3، سہیل خان 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ2016ء اور2018ء میں ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر لیگ کے 9 میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
وقت اشاعت : 21/02/2020 - 01:01:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :