کرس لین کے سر سے بھاپ اڑنے لگی،تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

پشاور زلمی سے راولپنڈی میں میچ کے دوران ایک موقع پر ایسا محسوس ہو جیسے اوپنرکے سر سے بھاپ اڑ رہی ہو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 مارچ 2020 15:44

کرس لین کے سر سے بھاپ اڑنے لگی،تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2020ء ) لاہور قلندرز کے آسٹریلوی اوپنر کرس لین کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔پشاور زلمی سے راولپنڈی میں میچ کے دوران ایک موقع پر ایسا محسوس ہو جیسے کرس لین کے سر سے بھاپ اڑ رہی ہو، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی، جس پر کئی دلچسپ کمنٹس سامنے آئے،کسی نے کہا کہ بہت زیادہ گرمی ہے، کسی نے کہا کہ چائے ابل رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو16 رنز سے ہرا دیا۔ 133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قلندرز کو پہلا نقصان کرس لین کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 15 گیندوں پر 30 رنز بنا کر گریگوری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ صرف ایک رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے،لاہور کے کپتان سہیل اختر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

فخر زمان 22 رنز بنا کر گریگوری کی گیند پر آؤٹ ہوئے،لاہور قلندرز نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں پر 116 رنز بنائے اور میچ میں 16 رنز سے شکست کھائی جو ان کی مسلسل تیسری شکست ہے۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا 11واں میچ بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں میچ کو 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور بینٹن نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی اور سلمان ارشاد کے ابتدائی 3 اوورز میں 32 رنز بنالیے۔شاہین شاہ آفریدی نے کامران اکمل کی وکٹ لی لیکن اس وقت تک ان کیخلاف محض دو اوورز میں 25 رنز بنائے جاچکے تھے، کامران اکمل نے 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے پانچویں اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی جس کے لیے نئے بلے باز حیدرعلی نے بینٹن کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ ڈیوڈ ویزے نے 69 رنز پر حاصل کی جب بینٹن 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،لیونگسٹون پانچ رنز بنا کر ڈیوڈ ویز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ حیدت علی بہت ہی اچھے فارم میں نظر آئے انہوں نے 12 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

انکی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے،وکٹوں کے گرنے کے باوجود رن ریٹ میں فرق نہیں پڑا اور نئے آنے والے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا تاہم محمد محسن صفر اور گریگوری 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،پشاور زلمی نے بارش کے باعث مختصر کیے گئے میچ کے مقررہ 12 اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔وہاب ریاض نے آؤٹ ہوئے بغیر 10 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی اور 3 اوور کے کوٹے میں 24 رنز دیے، ڈیوڈ ویزے نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔۔کپتان ڈیرن سیمی نے بھی ایک چھکے کی مدد سے 9 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر دلبر حسین کا کیچ بنے۔
وقت اشاعت : 01/03/2020 - 15:44:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :