پی ایس ایل 5،ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

جیمز ونس کی دھواں دھار نصف سنچری، عمران طاہر اور جنید خان کے 2،2 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 8 مارچ 2020 17:50

پی ایس ایل 5،ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں بارش سے متاثرہ میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باأسانی 9وکٹوں سے شکت دیدی۔ 92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز وینس نے کیا۔ جیمز وینس نے 20 گیندوں پرنصف سینچری مکمل کی۔ ملتان کو پہلا نقصان ذیشان اشرف کی صورت میں اٹھانا پڑا۔

وہ 16 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،اس کے بعد ملتان سلطانز نے مزید کسی نقصان کے بغیر 14گیندوں قبل فتح حاصل کر کے قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔اس میچ میں شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف تک رسائی کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں جب کہ ملتان سلطانز پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آج پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے میدان اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 9اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو لیوک رونکی اور کولن منرو نے ٹیم کو 26رنز کا آغاز فراہم کیا، رونکی اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 18رنز بنانے کے بعد ایک متنازع کیچ کے نتیجے میں ان کی اننگز تمام ہوئی۔

کولن منرو نے شاہد آفریدی کو لگاتار تین چھکے لگائے جس کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یونائیٹڈ کی ٹیم باآسانی 100رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن منرو کے آؤٹ ہونے کے ساتھ سلطانز نے عمدہ باؤلنگ کے ذریعے میچ میں واپسی کی۔ منرو 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد انگرام بھی صرف 6رنز بنا سکے جبکہ ان فارم شاداب بھی 14رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اختتامی اوورز میں سلطانز کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جس کی بدولت اسلام یونائیٹڈ کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور مقررہ 9اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 91رنز ہی بنا سکے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 08/03/2020 - 17:50:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :