ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء ملتوی کر دیے گئے

کرونا وائرس خدشات کے باعث جاپان میں اولمپک گیمز کا انعقاد 2021 میں کروائے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 23 مارچ 2020 23:18

ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء ملتوی کر دیے گئے
ٹوکیو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ2020ء ) ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء ملتوی کر دیے گئے، کرونا وائرس خدشات کے باعث جاپان میں اولمپک گیمز کا انعقاد 2021 میں کروائے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اولپمک کمیٹی نے جاپان کے شہر ٹوکیو میں شیڈول اولمپکس گیمز 2020ء ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی اولپمک کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو میں اضافے کے بعد بیشتر ممالک اولپمک گیمز میں شرکت سے گریزاں تھے، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ گیمز کو ملتوی کر دیا جائے۔

کہا گیا ہے کہ فی الحال ٹوکیو اولمپک گیمز کے انعقاد کی نئی تاریخ کا فیصلہ تو نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ گیمز کا انعقاد اب 2021 میں ہی ممکن ہو پائے گا۔ واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کے لیے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے تاہم عالمگیر وبا کورونا وائرس کے جہاں کھیلوں کے دیگر ایونٹس منسوخ یا ملتوی ہوئے وہیں ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد بھی ملتوی کرنا پڑ گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا نے اولمپکس 2020ء کے لیے اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقابلوں کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ کینیڈا کے بعد آسٹریلیا نے بھی اولمپکس 2020ء سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ اس تمام صورتحال میں جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے بھی واضح اشارہ دیا تھا کہ ٹوکیواولمپکس کو ملتوی کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کورونا وائرس کے خدشے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کی تجویز پیش کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ، آئی پی ایل، انگلیڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز سمیت کھلیوں کے کئی ایونٹس اب تک منسوخ ہو چکے ہیں۔ اب کرونا وائرس کے باعث دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ اولپمک گیمز بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 23/03/2020 - 23:18:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :