ڈیرن سیمی کی تمام پاکستانیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے وزیراعظم عمران خان کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرانیکی اپیل

کورونا وائرس کے خاتمے کیلیے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، اگر سب لوگ اپنا کردار ادا کریں گے تو کورونا کا خاتمہ ممکن ہے: ہیڈ کوچ پشاور زلمی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 اپریل 2020 11:48

ڈیرن سیمی کی تمام پاکستانیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے وزیراعظم عمران خان کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرانیکی اپیل
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اپریل2020ء) پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے تمام پاکستانیوں بشمول اوور سیز پاکستانیوں سے وزیر اعظم عمران خان کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اگر سب لوگ اپنا کردار ادا کریں گے تو کورونا کا خاتمہ ممکن ہے۔

دریں اثناء پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا میں معیشت بری طرح متاثر ہورہی ہے اور اس کا اثر پاکستان کی معیشت پر بھی آسکتا ہے۔ اس مشکل صورتحال میں میری تمام مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں تاکہ محنت کش اور مزدور طبقہ جو ان حالات میں اپنی یومیہ اجرت سے محروم ہے انکی حکومت آپ کے تعاون سے گھر پر امداد پہنچا سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 6 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 113 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6146 تک پہنچ گئی۔ ملک میں ہونے والی 113 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں 41 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 38، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔ آج بروز بدھ اب تک ملک میں کورونا کے مزید 162 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ آج اب تک سندھ میں 150 کیسز 6 ہلاکتیں، اسلام آباد 9 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/04/2020 - 11:48:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :