دھونی کے پاکستانی فین چاچا شکاگو کا کرکٹ میچ نہ دیکھنے کا اعلان

دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد میں بھی ریٹائر ہوگیا ہوں، دھونی کو پسند کرتا ہوں ،وہ بھی مجھے پسند کرتے ہیں: محمد بشیر بوزائی المعروف چاچا شکاگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 اگست 2020 14:18

دھونی کے پاکستانی فین چاچا شکاگو کا کرکٹ میچ نہ دیکھنے کا اعلان
شکاگو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18اگست 2020ء ) امریکی ریاست شکاگو میں رہائش پذیر کراچی کے محمد بشیر بوزائی نے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ سے دلبرداشتہ ہوکر آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان اور انڈیا کا میچ نہ دیکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ دھونی کے مداح انڈیا پاکستان میچ کے دلدادہ رہے ہیں اور کرکٹ میچ کے دوران دھونی کو سپورٹ کرتے تھے تاہم چاچا شکاگو کے نام سے مشہور بشیر کا کہنا ہے کہ اب پاک بھارت میچ دیکھنا ان کے لئے معنی نہیں رکھتا ۔

بھارتی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد میں بھی ریٹائر ہوگیا ہوں، میں دھونی کو پسند کرتا ہوں اور وہ بھی مجھے پسند کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 15 اگست کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

39 سالہ ایم ایس دھونی بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مانے جاتے ہیں اور وہ واحد کپتان ہیں جن کی قیادت میں بھارت نے آئی سی سی کی تینوں ٹرافیاں ورلڈ کپ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کی قیادت میں بھارت، آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر بھی براجمان ہوا۔واضح رہے کہ مہندرا سنگھ دھونی نے 2014ء میں ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جبکہ محدود اوورز کے میچ میں بھی وہ گزشتہ سال جولائی میں ورلڈ کپ میں ٹیم کے سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد سے نظر نہیں آئے تھے۔ بطور کپتان دھونی نے 2007ء میں افتتاحی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو ٹائٹل جتوایا جبکہ 2011ء میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کو اس کی سرزمین پر اعزاز دلوایاجبکہ 2013ء میں ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی۔

انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں 350 میچز میں 10 ہزار 773 رنز بنائے اور وکٹ کے پیچھے 444 آؤٹ کیے۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 98 میچز میں 91 بار بلے بازوں کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنائی سپر کنگز کے بھی کپتان ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کیا انہوں نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
وقت اشاعت : 18/08/2020 - 14:18:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :