آئی پی ایل کھیلنے والے کرکٹرز میں کورونا پھیل گیا، منتظمین نے چپ سادھ لی

زندگی، موت کی جنگ میں کمرشل ازم کو اہمیت دی جارہی ہے،کورونا کی تباہی کی طرف توجہ دلانے کیلئے آئی پی ایل کا بائیکاٹ کررہے ہیں: بھارتی اخبار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اپریل 2021 12:54

آئی پی ایل کھیلنے والے کرکٹرز میں کورونا پھیل گیا، منتظمین نے چپ سادھ لی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2021ء ) بھارت میں کھیلی جارہی آئی پی ایل کے دوران کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لیکن انتظامیہ ان کے نام ظاہر کرنے سے کترا رہی ہے۔ ملک میں کوورنا سے بگڑتی صورتحال کے سبب بھارتی اخبارات نے بھی آئی پی ایل کی کوریج معطل کرنا شروع کر دی ہے اور اپنے ایڈیٹوریل میں لکھا ہے کہ زندگی اور موت کی جنگ کے دوران کمرشل ازم کو اہمیت دی جارہی ہے، اخبارات نے مزید لکھا ہے کہ کورونا کی تباہی کی طرف توجہ دلانے کیلئے ہم آئی پی ایل کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی آئی پی ایل کو بند کرنے کی مہم تیز ہوگئی ہے لیکن بی سی سی آئی کے منتظمین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کرکٹرز پیسے کی کشش میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں انگلینڈ، آسٹریلیا ،جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں۔یاد رہے کہ بھارت میں اتوار کو بھی تقریباً ساڑھے 3 لاکھ ریکارڈ نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک بھر کے ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں اور ملک میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 92 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/04/2021 - 12:54:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :