پی ایس ایل6 ایلیمنیٹر ون، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیدیا

بابراعظم کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جون 2021 00:53

پی ایس ایل6 ایلیمنیٹر ون، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیدیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے پہلے ایلمنیٹر میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد 26 رنز بنانے والے شرجیل اپنی وکٹ سے محروم ہو گئے۔

اگلے اوور میں عمید آصف نے نیوزی لینڈ سے آئے مارٹن گپٹل کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ بابر نے دانش کے ساتھ مل کر سکور کو 73 رنز بنائے لیکن تیزی سے رنز نہ بننے کے سبب پڑنے والے دباؤ کی وجہ سے دانش عزیز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

(جاری ہے)

بابراعظم پوری اننگز میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور کسی بھی موقع پر کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے، وہ 45 گیندوں پر صرف 53 رنز بنا سکے۔

پریرا نے تیزی سے کھیلنے کا بیڑا اٹھایا اور خالد عثمان کے ایک اوور میں 22 رنز بٹورنے کے ساتھ ساتھ 18 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عمید آصف نے انہیں چلتا کردیاجبکہ چیڈوک والٹن نے صرف 9رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عماد وسیم سمیت کراچی کنگز کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت دفاعی چیمپئن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔

۔ آج کے میچ میں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کا فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کل اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہو گا۔ میچ کے لیے کراچی کنگز عماد وسیم(کپتان)، بابراعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، شیڈوک والٹن، تھیسارا پریرا، عماد وسیم، دانش عزیز، نور احمد، محمد عامر، محمد الیاس، ارشد اقبال کے ساتھ میدان میں اتری ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، امام الحق، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، خالد عثمان، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 22/06/2021 - 00:53:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :