وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نئے کرکٹ سٹیڈیم کی منظوری دے دی

نئے سٹیڈیم کی تعمیر اگلے 2 ماہ میں شروع ہونے کا امکان، 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کیا جائیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 1 جنوری 2022 17:03

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نئے کرکٹ سٹیڈیم کی منظوری دے دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جنوری 2022ء ) پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک نئے ہائی ٹیک سٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اس سے قبل رمیز راجہ نے انکشاف کیا تھا کہ پی سی بی نے متعلقہ حکام سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں اسلام آباد میں ایک جدید ترین سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کریں جو 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کے سٹیڈیم کی تعمیر ان کی اہم توجہوں میں سے ایک ہے کیونکہ پاکستان کو میگا ایونٹ کی میزبانی کے حقوق سے نوازا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ 1996ء کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا آئی سی سی بڑا ٹورنامنٹ ہوگا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم ملک کا سفر کرنے والی ٹیموں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہوگا اور شائقین کے تجربے میں بھی اضافہ کرے گا کیونکہ وہ اپنے پسندیدہ سپر سٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے سٹیڈیم کا سفر کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے منصوبے پر منظوری دیتے ہوئے رمیز راجہ کو سٹیڈیم کی جلد سے جلد تعمیر کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کا مشورہ دیا ہے۔ نئے سٹیڈیم کی تعمیر اگلے دو ماہ میں شروع ہونے کا امکان ہے جس کا مقصد اسے 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کرنا ہے۔ مزید برآں ملاقات میں آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہونا ہے جبکہ فائنل 27 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 01/01/2022 - 17:03:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :