بھارتی ریسلرز کا ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر پر خاتون کھلاڑیوں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

خواتین ریسلرز کو زبان کھولنے کی صورت میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے حکام کی طرف سے قتل تک کی دھمکیاں دی جاتی ہیں :ونیش پھوگاٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 جنوری 2023 12:02

بھارتی ریسلرز کا ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر پر خاتون کھلاڑیوں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2023ء ) بھارت کی کامن ویلتھ گیمز میں پہلی گولڈ میڈل جینے والی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ پر جنسی ہراسگی کا شرمناک الزام عائد کر دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ونیش پھوگاٹ ، جو اولمپکس میں بھی بھارت کی نمائندگی کر چکی ہیں، نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کے قومی کوچز بھی سالوں سے خواتین ریسلرز پر جنسی حملے کرتے آ رہے ہیں۔

ونیش پھوگاٹ نے دیگر متعدد خواتین ریسلرز کے ہمراہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے قریب جنتر منتر پر احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے میں ونیش پھوگاٹ کا کہنا تھا کہ خواتین ریسلرز کو زبان کھولنے کی صورت میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے حکام کی طرف سے قتل تک کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاج میں خواتین ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کو فوراً عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ونیش پھوگاٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین ریسلرز کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں اس وقت تک شرکت نہیں کریں گی جب تک برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا۔ ونیش پھوگاٹ کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے بھی یہ مطالبہ دہرایا گیا۔ خاتون ریسلر نے کہا کہ ”ہم پر جنسی حملے کیے جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اگر تم نے زبان کھولی تو ہم تمہارا کیریئر تباہ کر دیں گے۔

فیڈریشن کے اراکین خواتین ریسلرز پر شرمناک جملے کستے ہیں۔“ واضح رہے کہ ونیش پھوگاٹ کے ساتھ احتجاج کرنے والی 30سے زائد ریسلرز میں سنگیتا پھوگاٹ، ستیاورت ملک، جتندر کنہا ، ساکشی ملک، سریتا موڑ اور سمیت ملک و دیگر شامل تھیں۔ ریسلرز کے ان الزامات کا بھارتی حکومت نے فوری طور پر نوٹس لے لیا اور ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن سنگھ سے 72 گھنٹے کے اندر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ وضاحت نہ کرنے پر ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 20/01/2023 - 12:02:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :