سپورٹس بورڈ پنجاب کی نا اہلی نے مریدکے سے کرکٹ ٹیلنٹ کا خاتمہ کردیا

بدھ 22 نومبر 2023 19:58

سپورٹس بورڈ پنجاب کی نا اہلی نے مریدکے سے کرکٹ ٹیلنٹ کا خاتمہ کردیا
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2023ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی نا اہلی نے مریدکے سے کرکٹ ٹیلنٹ کا خاتمہ کر دیا۔ انٹر نیشنل اور فرسٹ کلاس کرکٹرز سمیت نوجوان کھلاڑی سپورٹس بورڈ کی لا پرواہی کے باعث پریکٹس سے محروم ہو گئے جبکہ سکولز کرکٹ کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔ کرکٹ کھلاڑیوں اور آرگنائزرز نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

سپورٹس آرگنائزرز کے مطابق مریدکے شہر نے کھڈوں کے حامل گراؤنڈ کے با وجود عمران نذیر، بلاول بھٹی، مجاہد جمشید، قیصر عباس اور جعفر نذیر جیسے انٹر نیشنل ، نیئر عباس، ایاز تصور، عبدالرحمن، نواز سردار، محمد انیس، سعادت علی، زاہد جاوید، ماجد مجید، کلیم احمد جیسے درجنوں فرسٹ کلاس کرکٹرز پیدا کئے ہیں مگر پانچ سال قبل سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اورسابق ایم این اے رانا افضال حسین کی طر ف سے مریدکے سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لیے ساڑھے سات کروڑ روپے کے فنڈز منظور کروا کر اسے سپورٹس بورڈ پنجاب کے سپرد کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران سپورٹس بورڈ پنجاب کے تین پراجیکٹ ڈائریکٹر ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ تین تبدیل ہو چکے ہیں مگر مریدکے سٹیڈیم کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔ کھلاڑیوں کے مطابق سپورٹس بورڈ کی طر ف سے پانچ سال کے دوران پویلین کی تعمیر، فلڈ لائٹس کی تنصیب اور غیر معیاری پریکٹس پچوں کی تعمیر مکمل کی گئی اور رولر سمیت دیگر سامان خرید کر رکھ دیا گیا مگر کھلاڑیوں کے کھیلنے کے لیے گراؤنڈ اور پچز تیار نہیں کی گئیں جس وجہ سے نہ صرف پروفیشنل کھلاڑی اپنی پریکٹس سے محروم ہیں بلکہ نوجوان نسل بھی گلی کوچوں میں ٹیپ بال کھیل کر اپنا ٹیلنٹ ضائع کرنے میں مصروف ہے۔

سپورٹس آرگنائزرز نے کہا کہ مریدکے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ14کلبز رجسٹر تھے جو دلبرداشتہ ہو کر اپنے کلب بند کر چکے ہیں۔ کھلاڑیوں اور سپورٹس آرگنائزرز نے کہاکہ وہ پنجاب سپورٹس بورڈ کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے اور وزیر اعلی ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔ دوسری طرف ٹیسٹ کرکٹر قیصر عباس اور بلاول بھٹی نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہاکہ مریدکے سٹیڈیم میں پچز کی تعمیر کے سلسلہ میں وہ مشیر کھیل وہاب ریاض سمیت تمام سرکاری عہدیداران اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں مگر مریدکے سٹیڈیم کی طرف کوئی توجہ نہیں کی گئی۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت سخت نوٹس لیتے ہوئے مریدکے کرکٹ اسٹیڈیم کی گراؤنڈ اور پچز کی تیاری مکمل کرے۔
وقت اشاعت : 22/11/2023 - 19:58:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :