احمد شہزاد قومی ٹیم میں واپسی کیلئے بے چین

اوپننگ بلے باز نے پاکستان کپ 2022ء میں سینٹرل پنجاب کیلئے 11 میچوں میں 42.20 کی اوسط سے چھ نصف سنچریوں سمیت 422 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 جنوری 2023 13:24

احمد شہزاد قومی ٹیم میں واپسی کیلئے بے چین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2023ء ) ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے بے چین ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ بطور کرکٹر اپنے منصوبوں اور تیاریوں کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ میرا مقصد ایک بار پھر فخر کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔

اوپننگ بلے باز جنہوں نے آخری بار 2019ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، نے کہا کہ وہ اپنی فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں اور واپسی کے لیے تیار ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کو خراب کارکردگی کے باعث قومی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا تاہم وہ لیگز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں سرگرم رہے۔ احمد شہزاد پاکستان کپ 2022ء میں سینٹرل پنجاب کے لیے کافی متاثر کن رہے، انہوں نے 11 میچوں میں 42.20 کی اوسط سے چھ نصف سنچریوں سمیت 422 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

13 فروری کو شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن کے ڈرافٹ میں 31 سالہ کھلاڑی کی خدمات کسی بھی فرنچائز نے حاصل نہیں کیں ۔ 2009ء میں ڈیبیو کرنے والے کرکٹر کو اپنے ایک دہائی پر محیط کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔ 2011ء میں سٹائلش اوپننگ بلے باز کو قائد اعظم ٹرافی کے ایک میچ سے اختلاف رائے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، اس سے ایک ماہ قبل تادیبی بنیادوں پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے اوپنر تلکارتنے دلشان کے ساتھ مذہبی مباحثے میں ملوث ہونے پر انہیں سرزنش بھی کی۔
وقت اشاعت : 26/01/2023 - 13:24:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :