پاک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان وائٹ بال ٹور کے لئے نظر ثانی شدہ شیڈول

پیر 20 مارچ 2023 17:53

پاک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان وائٹ بال ٹور کے لئے  نظر ثانی شدہ شیڈول
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور نیوزی لینڈ کرکٹ(این زیڈ سی ) نے متفقہ طور پر نیوزی لینڈ مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچز کے لئے شیڈول میں تبدیلیاں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔کیوی ٹیم لاہور پہنچے گی اور 14سے 17اپریل تک تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، جس کے بعد پانچو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری دو ٹی ٹونٹی اور پہلا ون ڈے 20سے 26 اپریل تک راولپنڈی میں کھیلیں جائیں گے۔

یہ دورہ کراچی میں30اپریل سے 7مئی تک کھیلے جانے والے بقیہ چار ون ڈے میچوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔یہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا ایک اضافی دورہ ہے اور ان میچوں کو آئی سی سی ٹیم رینکنگ میں شمار کیا جائے گا۔ ون ڈے سے پاکستان کو اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023کے لئے اپنی ٹیم تیار کرنے میں مدد ملے گی جبکہ ٹی ٹونٹی جون اورجولائی 2024میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم کی تعمیر نو جاری رکھنے میں مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہاں اے پی پی کو مزید تفصیلات شیئر کیں جس کے مطابق نظر ثانی شدہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ شیڈول کے تحت 14، 15 اور 17اپریل کو بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کا انعقاد لاہور میں ہوگا جبکہ 20 اور 24 اپریل کو چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 26 اپریل کو راولپنڈی میں ہوگا جبکہ 30 اپریل، 3 مئی، 5 مئی اور 7 مئی کو بالترتیب دوسرا، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 20/03/2023 - 17:53:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :