ڈالرز کی چمک سے ٹاپ کیوی کرکٹرز کی آنکھیں چندھیا گئیں، پاکستان آنے کے بجائے آئی پی ایل کی رونقیں بڑھائیں گے

پی سی بی نے ہوم سیریز شیڈول کی، نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے کھلاڑیوں کو شرکت کا پابند بنانے کے بجائے بی سی سی آئی سے تعلقات خوشگوار رکھنے کو ترجیح دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 مارچ 2023 12:29

ڈالرز کی چمک سے ٹاپ کیوی کرکٹرز کی آنکھیں چندھیا گئیں، پاکستان آنے کے بجائے آئی پی ایل کی رونقیں بڑھائیں گے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 مارچ 2023ء ) ڈالرز کی چمک سے ٹاپ کیوی کرکٹرز کی آنکھیں چندھیا گئیں، پاکستان آنے کے بجائے بھارت میں آئی پی ایل کی رونقیں بڑھائیں گے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ٹاپ کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کا پابند کرنے کے بجائے بھارتی لیگ میں ڈالرز کمانے کی اجازت دے دی ہے، اس سیریز سے قبل ہی آئی پی ایل کا 31 مارچ کو آغاز ہوچکا ہوگا، کین ولیمسن گجرات ٹائٹنز، ٹم ساؤتھی کولکتہ نائٹ رائیڈرز، ڈیون کونوے اور مچل سینٹنر چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کریں گے، ان سب کو انٹرنیشنل ٹور سے ریلیز کردیا گیا۔

سری لنکا سے جاری سیریز کے اختتام پر پاکستان کا دورہ کرنے کے بجائے فن ایلن رائل چیلنجرز بنگلور، لوکی فرگوسن کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور گلین فلپس سن رائزرز حیدرآباد کو دستیاب ہوں گے، کائیل جمیسن اور ٹرینٹ بولٹ کے بھی گرین شرٹس کیخلاف سیریز نہ کھیلنے کا خدشہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارتی بورڈ کے اثرورسوخ کی وجہ سے بیشتر بڑی ٹیمیں آئی پی ایل کی ونڈو میں اپنے انٹرنیشنل میچز شیڈول نہیں کرتیں، پاکستانی کرکٹرز پر پڑوسی ملک کی لیگ کے دروازے بند ہیں۔

پی سی بی نے ہوم سیریز شیڈول تو کرلی لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے کھلاڑیوں کو شرکت کا پابند بنانے کے بجائے بی سی سی آئی سے تعلقات خوشگوار رکھنے کو ترجیح دی، بڑے سٹارز کے بغیر پاکستان میں مقابلوں پر شائقین ابھی سے مایوسی کا اظہار کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بات ہوتی رہی، چند صارفین کی رائے ہے کہ نیوزی لینڈ کی ’’بی‘‘ ٹیم سے میچز کھیلنے کے بجائے بہتر تھا کہ سیریز کسی اور وقت شیڈول کرلی جاتی۔

دوسری جانب پنجاب میں متوقع انتخابات سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر نیوزی لینڈ کرکٹ کی مشاورت سے پی سی بی نے سیریز کے شیڈول میں ردوبدل کردیا۔ پہلے میچز کا آغاز کراچی سے ہونا تھا جہاں نیشنل سٹیڈیم پر 13 سے 19 اپریل تک 4 ٹی ٹونٹی ہوتے،مختصر فارمیٹ کا پانچواں میچ اور 2 ون ڈے 23 سے 28 اپریل تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں رکھے گئے تھے، آخری 3 ایک روزہ مقابلے یکم سے 7مئی تک پنڈی میں کرانے کا پلان تھا،اب سیریز کا آغاز لاہور سے ہوگا۔

قذافی سٹیڈیم میں 3 ٹی ٹونٹی میچز 14 ، 15 اور 17 اپریل کو ہوں گے، راولپنڈی میں مختصر فارمیٹ کے 2 مقابلے 20 اور 24 اپریل کو ہونے ہیں، پہلا ون ڈے بھی اسی وینیو پر 26 اپریل کو ہوگا، باقی 4ایک روزہ میچز 30 اپریل ،3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں شیڈول ہیں۔ پی سی بی کے مطابق ون ڈے میچز سے پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی تیاریوں کا موقع ملے گا، ٹی ٹونٹی مقابلوں سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ 2024ء کیلیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
وقت اشاعت : 21/03/2023 - 12:29:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :