سندھ پریمیئر لیگ، پہلا ایڈیشن 14سے 25دسمبر تک کھیلا جائے گا

پیر 18 ستمبر 2023 19:08

سندھ پریمیئر لیگ، پہلا ایڈیشن 14سے 25دسمبر تک کھیلا جائے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2023ء) سندھ پریمیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن 14سے 25دسمبر تک کھیلا جائے گا، سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز حیدرآباد بہادر کے مینٹور ہوں گے،ایک اور فرنچائز مرلی دھرن سے رابطہ میں ہے، ایونٹ کے میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے، لیگ میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پیر کو ایس پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا کرٹن ریزر ایونٹ کا انعقاد مقامی ہوٹل میں ہوا۔

چیئرمین ایس پی ایل عارف ملک کے مطابق لوکل ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے دس ہزار بچوں نے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن ٹیلنٹ ضائع بھی ہوتا ہے،اس لیگ سے ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبہ سندھ اور کراچی شہر سے تعلق ہونے کی وجہ سے لیگ کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے یہ لیگ شروع کرکے ایک نئی روایت قائم کی ہے،اب دوسرے صوبوں کا کام ہے اس کو فالو کریں، لیگ کے لئے منتظمین کو ایک اکیڈمی بنانی چاہیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے اپنی گفتگو میں قومی کرکٹ ٹیم کو غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا ، ، بیٹسمین کے نمبرز غیر ضروری طور پر تبدیل نہیں کئے جائیں،ہر بیٹسمین کو معلوم ہے کہ فاسٹ بائولر یا سپنر کیا کرسکتا ہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ بولر کو کیسے فیس کرنا ہے، پریکٹس میں ممکنہ مقابلے کے حساب سے تیاری کریں، بھارت میں بھی وہی کرکٹ کھیلنی ہے جو دنیا میں کہیں اور کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کو ہر کنڈیشن کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوتا ہے،پروفیشنل پلیئر کو کراوڈ کا پریشر نہیں لینا چاہئیے، گیم پر فوکس رکھیں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ وکٹوں کے حساب سے اپنی اپنی تیاریاں کرنا ہوتی ہیں،اگر ٹیم کچھ نہیں کررہی تو کپتان پر تنقید کیا کریں، فیصلہ سازی کی مہارت تجربے کے ساتھ آتی ہے،ورلڈ کپ انڈیا میں ہو یادنیا کے کسی اور ملک میں، کرکٹ تو بدل نہیں جائے گی۔سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایس پی ایل کا انعقاد خوش آئند ہے ، بلاول بھٹو زرداری ایس پی ایل میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کراچی سے کشمور تک کا ٹیلنٹ سامنے آئے۔
وقت اشاعت : 18/09/2023 - 19:08:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :