پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں چھکے چوکوں کی برسات

صاحبزادہ فرحان اور رسی وین ڈر ڈسن کی نصف سنچریاں، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تگڑا ہدف دے دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 فروری 2024 21:42

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں چھکے چوکوں کی برسات
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2024ء ) پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں چھکے چوکوں کی برسات، صاحبزادہ فرحان اور رسی وین ڈر ڈسن کی نصف سنچریاں، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تگڑا ہدف دے دیا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور کے اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اپنی ٹیم کو 6.3 اوورز میں 67 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر فخر کا حصہ صرف 13 رنز کا رہا۔ دوسرے اینڈ سے صاحبزادہ فرحان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور وین ڈر ڈوسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 89 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فرحان کی 36 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں سے مزین اننگز اختتام کو پہنچی۔

ڈوسن کا ساتھ دینے عبداللہ شفیق آئے اور دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 اوورز میں 73 رنز کی ساجھے داری بنائی۔ عبداللہ 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ ویزے کی اننگز بھی 14 رنز پر اختتام کو پہنچی۔ جنوبی افریقہ سے آئے ڈوسن نے جارحانہ کھیل کیا اور 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز تراشی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے دو جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل پاکستان سپرلیگ کے 9 ویں ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 9 کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں علی ظفر، عارف لوہار اور نتاشہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی اور لیزر شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے 34 میچوں میں سے 7 ڈبل ہیڈر ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ، تیمل ملز شامل ہیں جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، عبداللہ شفیق، لورکن ٹکر، سلمان فیاض، ڈیوڈ ویز، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 17/02/2024 - 21:42:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :