شاداب خان کی دھواں دار بلے بازی، پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست

آغا سلمان کی بھی عمدہ نصف سنچری، لاہور کو اسلام آباد کیخلاف مسلسل 5 کامیابیوں کے بعد پہلی شکست

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 فروری 2024 23:41

شاداب خان کی دھواں دار بلے بازی، پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2024ء ) پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں چھکے چوکوں کی برسات، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور کے اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اپنی ٹیم کو 6.3 اوورز میں 67 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر فخر کا حصہ صرف 13 رنز کا رہا۔ دوسرے اینڈ سے صاحبزادہ فرحان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور وین ڈر ڈوسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 89 تک پہنچا دیا۔ صاحبزادہ فرحان کی 36 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں سے مزین اننگز اختتام کو پہنچی۔

(جاری ہے)

ڈوسن کا ساتھ دینے عبداللہ شفیق آئے اور دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 اوورز میں 73 رنز کی ساجھے داری بنائی۔ عبداللہ 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ ویزے کی اننگز بھی 14 رنز پر اختتام کو پہنچی۔ جنوبی افریقہ سے آئے ڈوسن نے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز تراشی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے دو جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 196 رن کا ہدف 19ویں اور میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 41 گیندوں پر74 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے، شاداب خان کی اننگ میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

آغا سلمان 31 گیندوں پر 64 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آغاسلمان کی اننگ میں 3 چھکےاور7 چوکے شامل تھے ۔ ان کے علاوہ الیکس ہیلز نے 36 اور کولن منرو نے 5 رن بنائے۔ اس سے قبل پاکستان سپرلیگ کے 9 ویں ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 9 کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں علی ظفر، عارف لوہار اور نتاشہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی اور لیزر شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے 34 میچوں میں سے 7 ڈبل ہیڈر ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ، تیمل ملز شامل ہیں جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، عبداللہ شفیق، لورکن ٹکر، سلمان فیاض، ڈیوڈ ویز، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 17/02/2024 - 23:41:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :