کراچی کنگز کے بیمار غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

ڈینیئل سیمز اور جیمز ونس پیٹ خرابی کے باعث گزشتہ روز کا میچ بھی نہیں کھیلے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 فروری 2024 16:13

کراچی کنگز کے بیمار غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 فروری 2024ء ) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے سکواڈ کے 20 میں سے 13 کھلاڑی فوڈ پوائزننگ سے بیمار ہوگئے ، برطانوی کرکٹر ڈینیئل سیمز اور جیمز ونس پیٹ خراب ہونے کے باعث گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بھی میچ نہیں کھیلے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹ خراب ہونے والوں میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، گزشتہ روز بھی ڈینیل سیمس اور جیمز وینس پیٹ خراب ہونے کی وجہ سے میچ نہیں کھیلے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ڈینیل سیمس کو ڈرپ لگی ہے جبکہ ڈوپلائی بھی ہسپتال میں ہیں۔ تبریز شمسی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے جبکہ میر حمزہ اور عرفات منہاس کو بھی بخار ہے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق باہر کے کھانے سے کھلاڑیوں کا پیٹ خراب نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق باہر سے کھانے منگوانے کی اجازت نہیں ہے، کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہی کھانا کھایا جس کے بعد یہ صورتحال پیش آئی۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کے ٹیم ڈائریکٹر حیدر اظہر نے کہا کہ ہمارے لیے گزشتہ دو دن کافی ٹف رہے ہیں، ہم وننگ ٹیم کو ہی برقرار رکھنا چاہتے تھے۔ حید اظہر نے مزید کہا کہ کل کے میچ میں بھی ہم تبدیلیوں پر مجبور ہوگئے، کچھ کھلاڑی 50 فیصد بھی تندرست نہیں تھے لیکن کراچی کے فینز کے لیے کھیلے، آج کچھ اور کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی ہے، ایک دو کھلاڑیوں کو ڈرپس لگی ہیں اور ایک کو تو ہسپتال لے جانا پڑا۔

حیدر اظہر نے مزید کہا کہ بیمار ہونے والوں میچ کچھ لوکل اور کچھ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں ، کوچنگ سٹاف میں بھی کچھ بیمار ہیں۔ آج کے میچ کے حوالے سے حیدر اظہر نے کہا کہ ہماری ٹیم آج کا میچ ضرور کھیلے گی ، قوانین کے مطابق اگر آپ کے 13 کھلاڑی ہوں تو آپ میچ کھیل سکتے ہیں، ہم اپنے کھلاڑیوں کو مانیٹر کررہے ہیں ، مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ بیمار کھلاڑیوں کے لیے دعا کریں۔

حیدر اظہر نے یہ نہیں بتایا کہ کھلاڑیوں نے ایسا کیا کھایا تھا جس سے انہیں فوڈ پوائزننگ ہوگئی ۔ یاد رہے کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کا میچ آج شام 7 بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا پہلا مرحلہ لاہور اور ملتان میں 14 میچز کے انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر اور دوسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہوا۔

یہ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائٹیڈ نے دو، دو میچز جیت رکھے ہیں اور پی ایس ایل کی پوائنٹ ٹیبل پر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ ملتان سلطانز 5 فتوحات کے ساتھ سر فہرست، کوئٹہ گلیڈیئٹر اور پشاور زلمی تین تین فتوحات کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور ایک میں بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
وقت اشاعت : 29/02/2024 - 16:13:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :