پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا رواں سال پاکستان میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اخراجات کے لئے پی سی بی اور دو صوبوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ

منگل 19 مارچ 2024 12:56

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا رواں سال پاکستان میں شیڈول  ٹی ٹونٹی ورلڈ  کپ کے اخراجات کے لئے پی سی بی اور دو صوبوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے رواں سال پاکستان میں ہونے والےبلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اخراجات کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اور دو صوبوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ ورلڈ ٹی 20بلائنڈ کرکٹ کپ رواں سال 20نومبر سے 3 دسمبر 2024 تک پاکستان میں کھیلا جائے گا تاکہ کے ایونٹ کے وینیوز کے حوالے سے کونسل نے سندھ اور پنجاب میں میچز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے دونوں صوبائی حکومتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے انعقاد پر تقریباً 6 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے کونسل پاکستا ن کرکٹ بورڈ اور دو صوبائی حکومتوں سندھ اور پنجاب سے رجوع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کامیاب انعقاد کے لئے ہم بھرپور تیاری کریں گے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی بھی فراہم کریں گے۔

سیدسلطان شاہ نے کہا ہے کہ چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کے لئے اعزازہے۔دبئی میں 27 فروری کو 25ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں پاکستان کو چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی دی گئی ۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ رواں سال نومبر میں پاکستان میں کھیلا جائے گا جس میں 8 ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے جن میں بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ ، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ ، نیپال اور میزبان پاکستان شامل ہے جبکہ آسٹریلیا ایونٹ میں شرکت کا جلد فیصلہ کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ ، پنجاب اور سندھ سے رابطے میں ہیں ۔ ایونٹ کے میچز کے لئے وینیوز کاتعین باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل کونسل اجلاس کے موقع پر بھارت سمیت مختلف ممالک کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں ،جنہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بھارت بلائنڈکرکٹ کونسل کے چیئرمین مہانتیش جی کے نے بھی پاکستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔\395\932
وقت اشاعت : 19/03/2024 - 12:56:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :