پی سی بی نے عماد وسیم سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے بات چیت شروع کردی

چیئرمین محسن نقوی ، چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے لاہور میں ملاقات ہوگی، عماد کے قریبی ذرائع کی تصدیق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مارچ 2024 20:56

پی سی بی نے عماد وسیم سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے بات چیت شروع کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بالآخر ریٹائر ہونے والے آل راؤنڈر عماد وسیم سے رابطہ کرلیا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو کے اختتام کے بعد، پی سی بی کے اعلیٰ حکام آل راؤنڈر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اور ان کے مستقبل کے کیریئر کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے آل راؤنڈر کو لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر مدعو کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 9 میں عماد کی غیر معمولی کارکردگی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسرا ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق عماد نے دعوت قبول کر لی ہے اور توقع ہے کہ وہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور نیشنل چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے ملاقات کریں گے۔ مزید برآں ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ عماد وسیم کو اپنے ریٹائرمنٹ کے منصوبوں پر نظر ثانی کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہین آفریدی نے بھی عماد سے رابطہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے لیں کیونکہ قومی ٹیم کو ان کی خدمات کی ضرورت ہے۔ ایک سال قبل راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے لیے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے باوجود عماد نے مسلسل کہا ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ قطعی نہیں ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔ عماد اس وقت تک اپنی ریٹائرمنٹ پر نظر ثانی کرنے کو تیار نہیں جب تک ان کے خدشات دور نہیں ہوتے۔ انہیں خدشہ ہے کہ انہیں ایک سیریز کے لیے ٹیم میں واپس لایا جا سکتا ہے اور پھر دوبارہ باہر کر دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/03/2024 - 20:56:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :