انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 نیلامی دبئی میں ہوگی، فخرزمان توجہ کا مرکزبن گئے

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:34

انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 نیلامی دبئی میں ہوگی، فخرزمان توجہ کا مرکزبن گئے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)انٹرنیشنل لیگ (آئی ایل) ٹی 20 کے سیزن 4 کی تاریخ ساز نیلامی دبئی میں منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر سے تقریباً 300 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس نیلامی میں پاکستان کے فخر زمان، بھارت کے روی چندرن ایشون، انگلینڈ کے جیسن رائے اور بنگلادیش کے شکیب الحسن نمایاں ناموں میں شامل ہیں۔نیلامی میں 20 سے زائد ممالک کے کرکٹرز رجسٹرڈ ہیں جس میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ابھرتی ہوئے خلیجی خطے کے کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

کھلاڑیوں کو چار قیمتوں کے درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں1 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر، 80 ہزار ڈالر، 40 ہزار ڈالر اور 10 ہزار ڈالر شامل ہیں۔بھارت کے آف اسپنر ایشون سب سے بڑی کیٹیگری (1 لاکھ 20 ہزار ڈالر) میں شامل ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی بار کسی عالمی فرنچائز لیگ میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

80 ہزار ڈالر کے زمرے میں پاکستان کے فخر زمان، صائم ایوب، محمد نواز اور فاسٹ بولرز نسیم شاہ و فہیم اشرف شامل ہیں، اس کے علاوہ انگلینڈ کے جیسن رائے، ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر اور افغانستان کے محمد نبی و کریم جنت بھی اس فہرست میں موجود ہیں۔

40 ہزار ڈالر کی کیٹیگری میں بنگلادیش کے شکیب الحسن، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن، آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی اور افغانستان کے نجیب اللّٰہ زدران نمایاں کھلاڑی ہیں۔10 ہزار ڈالر والے درجے میں جنوبی افریقہ کے ٹیمبا باووما، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ، بھارت کے سدھارتھ کول اور پریانک پنچال، زمبابوے کے رچرڈ نگراوا اور نیپال کے دیپیندرا سنگھ ایری سمیت کئی ایسوسی ایٹ ممالک کے کرکٹرز بھی شامل ہیں۔نیلامی کے بعد ہر اسکواڈ میں 19 سے 21 کھلاڑی شامل ہوں گے جس میں کم از کم 11 فل ممبر ممالک سے، 4 یو اے ای سے (ایک انڈر 23 لازمی)، ایک کویت اور ایک سعودی عرب سے جبکہ 2 دیگر ایسوسی ایٹ ممالک سے شامل کرنا لازمی ہو گا۔
وقت اشاعت : 01/10/2025 - 17:34:26