پاکستان والا کلمہ

جمعرات 5 اگست 2021

Dr Nauman Rafi Rajput

ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت

اگست کا مہینہ پاکستانیوں کے لیے نعمت سے کم نہیں جیسے رمضان ،عید الفطر ،اور عیدالاضحی عالم اسلام کے لیے خوشیوں کی نوید لاتی ہیں ۔ویسے ہی اگست پاکستانیوں کے لیے اللہ تعالی کا خاص انعام ہے۔ اس وقت وطن عزیز بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی 27 میں سے 26 شرائط پوری کرنے کے باوجود نام گرے لسٹ سے باہر نہیں آ سکا۔ ہندوستان میں سرے عام یورینیم کی فروخت کو نظر انداز کر دیا گیا۔

پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر افغانستان سے بھی نیچے کر دیا گیا ،روپے کی قدر اس سال بھی بدستور گرتی رہی، کرونا پر کنٹرول کے باوجود یورپ تو کیا عرب ممالک نے بھی پاکستان اور پاکستانیوں پر سخت پابندیاں ،شرائط اور جرمانے عائد کیے اور ہندوستان دنیا میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہی نہیں بلکہ کروناڈیلٹا کرونا کی سب سے زیادہ خطرناک قسم بھی ہندوستان میں ہونے کے باوجود نرمی کی فہرست میں رہا۔

(جاری ہے)

کبھی ہم نے(ہم سے مراد پاکستان کی عوام ہے)ان سب حالات کا جائزہ لینے کی کوشش کی ہے کہ ایسا کیوں ہے؟ کیوں پوری دنیا حالات سے نظریں چراتے ہوئے ایک غریب ملک کو مزید دبانے اور کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے؟تو اس کا جواب صرف نظریہ پاکستان ہے۔ پاکستان اور اسلام ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں ۔پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے صرف 9 ماہ بعد ایک اور نظریاتی ملک اسرائیل کا قیام عمل میں آیا۔

73 سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود پاکستان اور سعودی عرب سمیت بہت سے اسلامی ممالک نے اسے تسلیم نہیں کیا ۔جب کہ پاکستان کو ہندوستان سمیت پوری دنیا نے اسی وقت تسلیم کر لیا تھا۔ ان 73 سالوں میں اسرائیل کی آبادی صرف 90 لاکھ تک پہنچ سکی مگر ترقی کا گراف دنیا میں سر فہرست ہے وہ اس وقت دنیا کی مضبوط ترین معیشت اسرائیل کا نام سرے فہرست ہے ۔عرب ممالک کا تیل اسی کی مرضی سے نکالا جاتا ہے۔

اگر کہا جائے کہ اس وقت پوری دنیا کی معیشت کا کنٹرول اسرائیل کے ہاتھ میں ہے تو بے جا نہ ہو گا اور اگر سیاسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو سپر پاور امریکہ کا کنٹرول یہود نواز طاقت کے ہاتھ میں ہے مگر اس سب کہ باوجود اسرائیل یہ چاہتا ہے کہ پاکستان جیسا کمزور معیشت ملک اسے تسلیم کر لے وہ ایسا کیوں چاہتا ہے؟ پاکستان توتیسری دنیا کا ایک مقروض ملک ہے تو اس کی وجہ وہی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر یہ مملکت خداداد معرض وجود میں آئی۔

اسرائیل آج ترقی کی تمام منازل طے کرنے کے باوجود بھی اسی نظریے سے خوف زدہ ہے۔ وہ لوگ جب پاکستان اور پاکستانیوں کا مطالعہ کرتے ہیں تو حیران ہوتے ہیں کہ لا اینڈ آرڈر کی پوزیشن صفر ہوتے ہوئے یہ قوم اتنے سکون سے کیسے رہ رہی ہے۔ اتنی غربت میں کیسے یہ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کر رہی ہے ایسی اور بھی بے شمار وجوہات ہیں جو اسرائیل سمیت اسلام دشمن طاقتوں کو حیران کیے ہوئے ہیں۔

لہذا گرے لسٹ میں نام ،پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی اور پاکستانی پاسپورٹ کی تنزلی اور اسی جیسی بے شمار شرائط سب مصنوعی عمل ہیں۔ حقیقت میں پاکستان ایک شاندار مملکت ہے بس بات صرف اتنی ہے کہ اس قوم کو مزید کچھ عرصہ صبر سے کام لینا ہو گا، حق پر ڈٹ جانا ہو گا، ہمارے پیارے نبی خاتم الانبیاء امام الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ" حق آ گیا اور باطل مٹ گیا بے شک باطل مٹنے کے لیے ہے" ۔نظریہ پاکستان اور پاکستان زندہ باد۔بقول شاعر
میرے محبوب وطن تجھ پہ اگر جاں ہو نثار
میں یہ سمجھوں گا ٹھکانے لگا سرمایہ تن

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :