خدمت حُجاج ومعتمرِین سعادت دارین

پیر 11 فروری 2019

Muhammad Sohaib Farooq

محمد صہیب فاروق

حج ارکان اسلام میں سے ایک اہم رکن ہے جوکہ اقوام عالم میں مسلمانوں کے باہمی اتحادویگانگت کا عملی ثبوت ہے جس میں پوری دنیاکے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان ایک جیسالباس زیب تن کرکے اپنے خالق ومولی کے سامنے بیک زبان ہوکر”لبیک اللہّم لبیک“ اے اللہ میں حاضرہوں کی صدائیں بلندکرتے ہیں۔ ایک مسلمان کے لئے حج بیت اللہ سعادت عُظمیٰ ہے کہ جس کے لئے وہ ساری زندگی دیوانہ وارتڑپتااورمچلتاہے سرتاپامعصیت میں لتھڑاہوامسلمان بھی جب کعبة اللہ کودیکھتاہے توبے اختیاراس کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی جاری ہوجاتی ہے اوروہ ٹکٹکی باندھ کراپنے رب تعالی کے مرکزتجلیات کوحسرت بھری نگاہوں سے دیکھتارہتاہے وہ اپنے آقاومولا شافع محشرﷺکے روضہ اقدس کی سنہری جالیوں اورسبزگنبدکی ایک جھلک دیکھ کردم بخود ہوجاتاہے وہ شاہ مدینہ ﷺکے مبارک شہرکی بابرکت گلیوں کاتصورباندھے سینکڑوں میل دوربیٹھا درودوسلام پڑھتا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین کے مبارک سفرپرروانہ ہونے والوں کوکائنات کاسب سے خوش بخت انسان تصورکرتا ہے وہ اسے ائیرپورٹ تک الوداع کہنے آتاہے ا س کے گلے میں ہارڈالتااوراس کی پیشانی کو بوسہ دیتے ہوئے اس سے اپنے کریم ورحیم رب کی بارگاہ رسالت ﷺ میں سلام پیش کرنے کی استدعاکرتا ہے وہ توحرمین کی یادمیں اشک بہاتارہتاہے اوردل میں یہ دُعاکرتاہے اے میرے رب تومیرے جسم پراپنی قدرت سے اگرپرلگادے تومیں دن بھرتیرے کعبہ کے گرد چکرلگاتا رہوں اورشب کوتیرے محبوب کے شہرکامہمان بن جاؤں جہاں میں سبزجالیوں پراپنے پروں کوملتے ملتے جان دے دوں ۔

اورمدینة الرسول ﷺکی پاکیزہ ومطہرمٹی میراجائے مدفن بن جائے ۔یقیناحرمین شریفین کی محبت وعقیدت کوماپنے کا کوئی پروانہ نہیں ۔دین اسلام کے نزول کی سرزمین، جس کے چپّے چپّے پررب العالمین کی رحمتوں کی ہرلمحہ بارش ہوتی ہے اورجہاں رحمة للعالمین ﷺکے مبارک قدم رنجہ ہوئے جن پہاڑوں،بیابانوں اوردرختو ں پرکریم آقاﷺکی نظررحمت کی تجلی پڑی ہوبھلاکائنات کا کوئی خطہ اس کی برابری کادعوی کرسکتا ہے ہرگزنہیں۔

بنوہاشم اورقریش کی اولیت وفضیلت کی جہاں ہزارہاوجوہات ہیں وہیں ایک بڑی وجہ خدمت حجاج تھی اس لئے کہ حجاج رب تعالی کے مہمان ہوتے ہیں اوراللہ تعالی کے مہمانوں کی مہمان نوازی کرنے والااسے ساری مخلوق میں سے عزیزترہے ۔قریش نے حجاج کی راحت رسانی کے لئے مختلف شعبے قائم کررکھے تھے جن کے ذمہ انتظامات حج ہواکرتے تھے ان میں سے ’رفادہ ‘ کے ذمہ زائرین کعبہ کوہرممکن سہولت وراحت پہنچانے کے لئے امدادباہمی کے جذبہ کے تحت چندہ کرکے ان کواشیائے خوردونوش پہنچاناتھا ابتداء بنی نوفل اوربعدازاں بنی ہاشم اس فریضہ کوسرانجام دیتے ۔

”سُدانة“حفاظت کعبہ پرمامورتھاررسول اللہ ﷺکے داداخواجہ عبدالمطلب اس کے نگران اعلی تھے ۔اسی طرح ”سقایہ “پانی کے انتظامات سنبھالتی تھی مکہ مکرمہ میں چونکہ پانی کی خاصی قلت تھی اس لئے دوردرازسے چمڑے کے تھیلوں میں پانی بھرکرحُجاج کی ضرورت پوری کی جاتی تھی۔اللہ تعالی نے بنوہاشم وقریش کو خدمت حُجاج کی بدولت دنیاوآخرت کی عزتوں سے نوازا۔

پاکستان انشاء اللہ ریاست مدینہ بننے جارہاہے کلمہ کے نام پرحاصل کردہ اس پاک سرزمین کے فرمان رواؤں پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے درخشندہ ماضی کی اچھی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے حج بیت اللہ اورعمرہ زائرین کوہرممکنہ سہولت میسرکریں اوران کے لئے اس باسعادت ومبارک سفرمیں ان کے معاون بن کردارین میں سرخروئی کاپروانہ حاصل کریں دنیاکے مسلم ممالک کے علاوہ غیرمسلم ممالک بھی زائرین حرمین شریفین کے لئے سہولیات فراہم کرنے کواپنی سعادت سمجھتے ہیں توبطورمسلمان ریاست کے فرمانرواہونے کے یہ ان کا اخلاقی فرض ہے کہ اقتدار اعلٰی کے مالک رب العالمین کی بارگاہ میں حاضری کے لئے بندگان خداکے راستہ میں حائل ہررکاوٹ کودورکریں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :