پاکستان ایک معجزہ‎

جمعہ 21 مئی 2021

Professor Shahid Ahmad Solehria

پروفیسر شاہد احمد سلہریا

تب سارا یورپ اکٹھا تھا صلیبیوں نے سازشوں کے جال بچھائے اکثر مسلمان حکمرانوں کو شباب اور شراب کے ذریعے خرید لیا۔مگر اکیلا ایوبی انکے رستے کی رکاوٹ بن گیا۔اکیلے ایوبی نے1187میں سارے صلیبیوں سے القدس چھین لیا۔صدیاں گذر گئیں۔صلیبیوں نے پھر سازشوں کے جال بچھائے اور القدس دوبارہ مسلمانوں کے ہاتھ سے نکل گیا 1917میں فرانسیسی فوج کا ایک جنرل، سلطان صلاح الدین ایوبی کی قبر پر آیا تو اس نے ایوبی کے قبر کو ٹھوکر ماری اور کہا
"ایوبی اٹھو ہم پھر آگئے ہیں"۔


نظام قدرت نے اسکا جواب 1947میں پاکستان کے قیام کی صورت میں دیا۔
مماثلت حیرت انگیز ہے۔ساری طاغوتی طاقتیں ایک طرف اکیلا ایوبی ایک طرف۔
بالکل آج کے پاکستان کی طرح۔
پاکستان آج کا ایوبی ہے اور اس فرانسیسی جرنیل کی ٹھوکر کا جواب ہے۔

(جاری ہے)


پاکستان صلاح الدین ایوبی کی طرح یورپ و طاغوت کے بچھائے ہر جال سے بچ نکلتا ہے جس طرح ایوبی ہر قاتلانہ حملے سے معجزانہ طور پر بچ نکلتا تھا۔

کونسا حربہ،جال اور جتن طاغوت نے تب نہیں کیا تھا اور کونسا جال وہ اب نہیں بچھا رہا ہے۔
مگر ایک بات امریکہ،اسرائیل، ہندوستان اور یورپ کو حیران اور پریشان کئے دیتی ہے کہ ایک ایسا ملک جہاں ہر چیز ہی بکاؤ ہے جہاں ایمان فروشوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔قدم قدم پر غدار میسر ہیں۔جہاں نہ کوئی ادارہ باقی رہا ہے اور نہ کوئی نظام۔جس ملک کے حکمران تک غداری اور ایمان فروشی پر آمادہ ہیں۔

وہ ملک طاغوت کی بے شمار سازشوں اور حملوں سے بچ کیسے جاتا ہے۔طاغوتی طاقتوں نے پاکستان کے سارے ادارے تباہ کر دیئے مگر سب سے اہم ادارے فوج کو کمزور نہ کرسکے۔ساری پابندیوں اور غربت و بدنظمی کے باوجود پاکستان نے نہ صرف ایٹم بم بنا لیا بلکہ دشمن سے بچا کر رکھنے کا محفوظ ترین نظام بھی وضع کر لیا۔امریکہ اور یورپ کے تھنک ٹینک پاکستان کو توڑ کر اسکے نئے نقشے بنا بنا کر تھک گئے مگر پاکستان ابھی تک قائم ہے۔

یہ بات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایسے بے ہنگم ہجوم کا حامل ایک بے نظم ملک کیسے دنیا کی منظم ترین فوج کا حامل ہو سکتا ہے کیسے جدید ترین ہتھیار بناکر استعمال کرکے مکار بھارت کے دانت کھٹے کر سکتا ہے۔
یہ بات ان کو ابھی تک سمجھ ہی نہیں آئی ہے اور نہ ہی آسکتی ہے۔۔۔
بقول میر تقی میر۔۔۔
بس قلم رکھ ہاتھ سے جانے بھی دے یہ حرف میر
کاہ کے چاہے نہیں کہسار ہوتے بے وقار
سارے ابلیسی لشکر کی اللہ کی اس عطا مملکت خدادا پاکستان کے سامنے تنکے جتنی حیثیت بھی نہیں ہے۔

جب اللہ کا حکم اور اذن ہوگا پاکستان اصل پاک استھان بن جائے گا۔
16دسمبر 1971 کو بھارت اور اسکے گماشتوں نے پاکستان کو دولخت کر دیا۔
اس سانحہ کے تین اہم کرداروں
اندرا گاندھی،
شیخ مجیب الرحمن،
ذوالفقار علی بھٹو
کو قدرت نے نشان عبرت بنادیا۔
اندراگاندھی کو اسکے اپنے محافظوں نے،مجیب الرحمن کو اسکی اپنی فوج نے اور بھٹو کو اسکی اپنی عدالت نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اور ان کی نسل تک  ختم ہو گئی۔
پاکستان صالح علیہ السلام کی اونٹنی کی مانند اللہ کا معجزہ ہے اسکی کونچیں کاٹنے والا کبھی قدرت کے غضب سے بچ نہیں سکتا۔
"حقیقت ہے نہیں میرے تخیل کی یہ خلاقی"
پاکستان محض ایک زمین کا ٹکڑا نہیں ہے اس کا ایک روحانی وجود ہے جسکی آبیاری براہ راست مدینہ نبوی شریف سے ہوتی ہے اور آنے والا وقت اسکی عملی تصویر دیکھے گا جب اولیاء اللہ کے بقول پاکستان کی "ہاں" اور "ناں"  میں اقوام متحدہ کی "ہاں" اور "ناں" ہوا کرے گی۔


آج ھمارا دور زوال ہے ہم وقت کے پہیے کے نیچے اور دشمن اوپر ہیں مگر وقت کا پہیہ کبھی رکتا نہیں ہے۔
وہ وقت جلد آنے والا ہے جب اقوام عالم پاکستان کی اس شان کو کھلی آنکھوں سے دیکھ کر انگلیاں دانتوں تلے دبانے پر مجبور ہو جائے گی۔
بقول اقبال
کیوں ہراساں ہے صہیل فرس اعدا سے
نور حق بجھ نہ سکے گا نفس اعدا سے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :