کامیابی کے گُر

جمعہ 4 ستمبر 2020

Rana Muhammad Rizwan Khan

رانا محمد رضوان خان

تجارت اور کاروبار کے اوپر جتنا بھی لکھا جائے میں اسے کم سمجھتا ہوں کیونکہ ہمارے نوجوانوں کی اکثریت نوکری کرنا چاہتی ہے اور نوکری تک ہی سوچتی ہے جبکہ بدقسمتی سے ملکی سطح پر بھی کوئی ایسا نظام موجود نہیں جو ہمارے مستقبل کے معماروں کی صحیح راہنمائی کر سکے یا انہیں کوئی راستہ دکھا سکے۔حکومت نے بھی ایک کروڑ نوکریوں کا سیاسی نعرہ لگایا تھا تا کہ عوام تبدیلی کے لئے ٹھپہ انکے نشان پر لگانے میں دیر نہ کریں۔

دوسری طرف اگر ترقی یافتہ ملکوں کو دیکھیں تو وہ اپنے ہاں بزنس اور بزنس کرنے والوں کو پروموٹ کرتے ہیں جبکہ ہم اپنے ملک میں بزنس سے پیسے کمانے والوں کو شک کی نظر سے دیکھنا شروع کر دیتے ہیں اور ہر فرد بغیر کسی وجہ کے اُن کی مخالفت شروع کر دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے لوگوں کی معلومات کے لیے عرض کرتا چلوں کہ امریکن آج بھی امریکا کو بل گیٹس کا امریکہ کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور ہم پاکستانی ملک ریاض کو فراڈیا اور زمینوں پر قبضے کرنے والا سمجھتے ہیں۔

پتا نہیں کب ہم اپنے کامیاب کاروباری افراد کو ہیرو سمجھیں گے۔
اب آ جائیں کاروبار اور اسکو شروع کرنے سے متعلق کچھ دلچسپ اور شاندار اصولوں کی طرف جو یقینی طور پر ہمارے نوجوانوں کے کام آئیں گے اور ہو سکتا ہے انکو پڑھنے کے بعد آپ میں سے بہت سارے لوگ بھی نوکری چھوڑ کر اپنا کام کرنے کو ترجیح دیں۔
یاد رکھیں کسی بھی کاروبار میں یقینی کامیابی کے لیے جن خوبیوں کا ہوناضروری ہے، ان میں اہم ترین یہ ہے کہ آپ لوگوں سے بُرا رویہ نہ رکھیں، جو کام نہیں جانتے اسے کرنے کا رسک نہ لیں،ہم مزاج لوگوں کے ساتھ مل جل کر کام کریں، اپنی مکمل مہارت کے جوہر دکھاتے ہوئے بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کریں، اپنا من پسند کام کریں، خود سے بہتراور اعلیٰ صلاحیتوں کے لوگوں میں اٹھے بیٹھیں۔

اس کے علاوہ یہاں میں آپ کو کامیاب امریکی بزنس مین وارن بفٹ جن کے اثاثوں کا تخمینہ لگ بھگ چوہتر بلین ڈالر ہے ، دنیا کے دس امیر ترین لوگوں میں آپ کا شمارہوتا ہے۔دنیا کے دس امیر ترین لوگوں میں ہونے کے باوجود اپنی دولت اور لوگوں کے ساتھ شائستہ رویے سے آج کاروباری دنیا کی بے مثال شخصیت بن چکے ہیں ، جن سے پیار کرنے والوں کا ایک وسیع حلقہ موجود ہے ۔

بفٹ نے سرمایہ کاروں اور خوش حال زندگی گزارنے کے خواہش مند مڈل کلاسیوں اور آمدنی میں اضافے کے متمنی لوگوں کیلئے چھ شانداراصول وضع کئے ہیں۔اگر کہا جائے کہ یہ چھ اصول وارن بفٹ کی کامیابی کے چھپے گُر ہیں تو غلط نہ ہو گاجبکہ یہ گُر درحقیقت دنیا کے عظیم سرمایہ کار کی کاروباری زندگی کا مکمل حاصل ہیں۔آپ اگر تھوڑی سی توجہ دیں تو یہ بنیادی اصول بجا طور پر آپ کی زندگی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ آپ کی زندگی تبدیل کر کے رکھ سکتے ہیں۔


1- وارن بفٹ کا پہلا گُر آمدنی سے متعلق ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ انسان کو کبھی ایک ذریعہ معاش پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔اس کا کوئی نہ کوئی دوسرا ”آمدنی کا ذریعہ“ ضرور ہونا چاہیے۔کیونکہ دنیا میں ہر وہ شخص معاشی دباؤ کا شکار رہتا ہے جس کی آمدنی کا ذریعہ ایک ہوتا ہے۔بفٹ کا کہنا ہے کہ آپ نوکری کرتے ہوں یا کاروبار آپ روزانہ اتار چڑھاؤ سے گزرتے ہیں اور دنیا میں کوئی نوکری کوئی کاروبار مستقل نہیں ہوتا چنانچہ آپ جب بھی کسی ایک ذرائع آمدن پر انحصار کریں گے تو آپ پر دباؤ ضرور آئے گا چنانچہ آپ کو آمدنی کے کم از کم دو سے تین مختلف ذرائع پیدا کرنے چاہئیں۔


 2- وارن بفٹ کا دوسرا اصول اخراجات سے متعلق ہے۔وارن بفٹ کا کہنا ہے آپ کو صرف ضرورت کی اشیاء خریدنی چاہئیں اور آپ بلا ضرورت رقم خرچ نہ کریں۔وارن بفٹ کہتے ہیں کہ میں بے شمار ایسے لوگوں سے واقف ہوں جو بلاضرورت اشیاء خریدنے کی عادت میں مبتلا تھے لیکن انہیں بعد ازاں اپنی ضرورت پوری کرنے کیلئے ایسی اشیا ء بیچنا پڑیں جو ان کیلئے انتہائی ضروری اور اہم تھیں۔

وہ کہتے ہیں کہ آپ جب بھی کوئی چیز خریدیں اپنے آپ سے یہ سوال ضرور پوچھیں کہ کیا یہ چیز میرے لئے ضروری ہے یا میں اس چیز کے بغیر بھی گزارہ کر سکتا ہوں؟ اور اگر جواب ہاں میں لگے تو کسی بھی خرید و فروخت کا فیصلہ کریں جس سے آپ کے معاشی دباؤ میں واضح کمی واقع ہو گی۔
3- وارن بفٹ کا تیسرا اصول بچت سے متعلق ہے۔ وارن بفٹ کا کہنا ہے کہ دنیا کے زیادہ تر لوگ اخراجات سے بچنے والی رقم کو بچت سمجھتے ہیں جبکہ یہ تصور غلط ہے کیونکہ آپ اسے بچت نہ سمجھیں جو خرچ کرنے کے بعد باقی بچ جائے بلکہ وہ خرچ کریں جو بچت کے بعد باقی بچ جائے یعنی آپ عملی زندگی میں داخل ہوتے ہی یہ فیصلہ کر لیں آپ اپنی آمدنی کا اتنے فیصد بچائیں گے اور پھر جو رقم آپ کمائیں سب سے پہلے اس میں سے بچت الگ کریں اور باقی رقم اس کے بعد خرچ کریں۔

آپ پوری زندگی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔یہ تھوڑا مشکل ضرور ہے مگر اس اصول پر عمل کر کے آپ اپنی زندگی کے چند ہفتوں میں بڑی تبدیلی محسوس کریں گے۔
4- وارن بفٹ کا چوتھا اصول سرمایہ کاری کے بارے میں ہے۔وہ اپنی پوری سرمایہ کار زندگی کو صرف ایک فقرے میں بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں نے کبھی اپنے تمام انڈے ایک ٹوکری میں نہیں رکھے۔


وارن بفٹ کے مطابق آپ اپنی بچت کو کبھی کسی ایک سیکٹر میں نہ لگائیں کیونکہ اگر یہ شعبہ بیٹھ گیا تو آپ کی ساری سرمایہ کاری پھنس جائے گی اس لیے آپ آٹھ سے دس شعبوں کی فہرست بنائیں اور اپنی بچت ان تمام شعبوں میں پھیلا دیں‘ آپ کو کبھی گھاٹا نہیں پڑے گا اور آپ ہمیشہ بڑے نقصان سے محفوظ رہیں گے۔
5- وارن بفٹ کا پانچواں اصول رسک سے متعلق ہے۔

وہ کہتے ہیں لوگ دریاؤں میں اندھا دھند چھلانگ لگانے کو رسک کہتے ہیں جبکہ یہ رسک نہیں بلکہ خودکشی ہوتی ہے۔آپ دریا کو دریا سمجھیں اور اسے خطرناک جانیں۔آپ کبھی بھی اس کی گہرائی ماپنے کیلئے اس میں پاؤں نہ ڈالیں۔انسان کو اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی بجائے دوسروں کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔وہ کہتے ہیں کہ آپ خود رسک لینے کی بجائے دوسروں کے رسک سے سیکھیں اور آپ دریا کی گہرائی ماپنے کیلئے خود دریا میں نہ اتریں بلکہ دریا کے کنارے نصب بورڈ پڑھ لیں یا پھر دریا کے کسی ماہر سے پوچھ لیں۔

وارن کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی میں رسک لینے سے قبل باقاعدہ ریسرچ کریں اور بغیر پلاننگ اور مکمل پیپر ورک کے بغیر کوئی نیا پروجیکٹ شروع نہ کریں۔
6- وارن بفٹ کا چھٹا اور آخری اصول توقعات سے متعلق ہے۔وہ کہتے ہیں کہ بے شک ایمانداری ایک نایاب اور قیمتی تحفہ ہے اس لیے آپ سستے لوگوں سے اس کی توقع نہ رکھی۔عمومی طور پر آپ اعتماد کی وجہ سے نوے فیصد دھوکے کھاتے ہیں۔

آپ لوگوں پر اندھے اعتماد کی بجائے سوچ سمجھ کر فیصلے کریں گے تو آپ اپنی زندگی میں نوے فیصد دھوکوں سے بچ جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ سرمایہ کاری کیلئے ہمیشہ دوسروں پر اعتماد کرتے ہیں۔اور لوگوں کو ظاہری حلیے کی بنیاد پر ایماندار یا بے ایمان سمجھ بیٹھتے ہیں اور یہاں سے انکے معاشی مسائل شروع ہو جاتے ہیں۔وارن نے کہا ہے کہ آپ دوسروں پر اندھے اعتماد کی بجائے پورے پیپر ورک اور ریسرچ کے بعد ٹھوک بجا کر سرمایہ کاری کریں۔

اپنی تسلی کریں اورپلاننگ مکمل کریں آپ کو کبھی شرمندگی یا پریشانی نہیں ہوگی۔
وارن بفٹ کے یہ چھ اصول صرف الفاظ نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی عمر بھر کے تجربات کی کمائی ہیں۔بے شک یہی وہ اصول ہیں جنہوں نے معمولی غریب انسان کو دنیا کا کامیاب ترین اور امیر ترین شخص بنایااور اگر آپ بھی ان اصولوں کو رہنما مان لیں تو یقیناً بہت بڑی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ان اصولوں کو فالو کر کے آپ کروڑں روپے نہ بھی کما سکے تو بھی ایک خوش حال زندگی ضرور گزار سکتے ہیں...!!!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :