اوکاڑہ یونیورسٹی میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد

جمعرات 10 فروری 2022

Shujat Khan Ahmadani

شجاعت خان احمدانی

تعلیم کا مقصد طلباء کو محض کتابیں رٹوانا نہیں ہوتا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے کا ایک با کردار اور مفید شہری بنانا مقصود ہوتا ہے۔تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی ذہن سازی٫کردار سازی اور جسم کی بہترین نشوونما کےلیے خاصی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔اس طرح کی سرگرمیوں سے طلباء کو پڑھائی کے علاوہ دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتیں دیکھانے کا ایک بہترین موقع مل جاتا ہے۔

غیر نصابی سرگرمیاں طلباء میں خود اعتمادی ٫ہمت و حوصلہ ٫محنت کرنے کا شوق اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔تعلیمی محققین و ماہرین بھی جہاں تعلیمی نصاب کی تکمیل پر زور دیتے ہیں وہاں ان کے بقول غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی تربیت اور سیکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نصابی سرگرمیاں طلباء کے سیکھنے کے تجربات کو بہتر بناتی ہیں۔ان کی اندرونی صلاحیتوں کی شناخت اور نشوونما میں ان کی مدد کرتی ہیں جیسے تخلیقی اور بولنے کی مہارتیں٫قائدانہ خصوصیات وغیرہ۔


بہت کم عرصے میں ترقی کی منازل طے کرنے والی اوکاڑہ یونیورسٹی میں گزشتہ ہفتے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر زکریا زاکر کی خصوصی ہدایات پر بائیس ہزار طلباء کےلیے ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس افئیرز کی جانب سے غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔جس میں تمام شعبہ جات کے طلباء و طالبات نے ہم نصابی و غیر ہم نصابی سرگرمیوں میں  بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

طالبات کےلیے ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹس افئیرز کی جانب سے کھیلوں کا انعقاد علیحدہ کیا گیا۔ جن میں کرکٹ٫ فٹ بال٫ بیڈ منٹن٫ والی بال٫ رسہ کشی اور ٹینس کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں شاعری٫ تقریری٫ مضمون نویسی٫ پینٹنگز اور ثقافتی مقابلہ جات کروائے گئے اس دوران مختلف شعبہ جات کے سربراہان میدان میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہے اس دوران یونیورسٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم بھی کوریج کے لیے موجود رہی۔

اس حوالے سے اپنے پیغام میں وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھنا بھی نہایت اہم ہے ۔اس سلسلے میں ہم نے ہر سمسٹر کے مڈ اور اختتام پر طلباء کی کی اخلاقی اور جسمانی تربیت کے اہتمام کا لائحہ عمل بنایا ہے۔ڈائریکٹرز اسٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر شعیب سلیم نے بتایا کہ طلباء میں کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کی عادت پروان چڑھانے کےلیے ہم نے اس طرح کی سرگرمیاں منعقد کی ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس ڈاکٹر سمیرا اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ ہم طلباء کو قوی اور بین الاقوامی سطح پہ منعقد ہونے والی مختلف کھیلوں اور ثقافتی مقابلہ جات کےلیے تیار کرنا چاہتے ہیں اور ان سرگرمیوں کا انعقاد اس سلسلے کی ہی ایک کڑی شروعات ہے۔
اوکاڑہ یونیورسٹی نے بہت قلیل عرصے میں تعلیمی شعبے میں اپنا ایک خاص مقام بنایا ہے۔ پاکستان میں 2016 کے بعد قائم ہونے والی جامعات میں پہلی یونیورسٹی ہے جس کو دنیا کے معروف رینکنگ ادارے کیو ایس نے ایشیائی جامعات کی درجہ بندی والی لسٹ سال 2022 میں650-601 نمبر پر رینک کر دیا ہے۔

یہ اعزاز گزشتہ چند سالوں میں بننے والی یونیورسٹیوں میں کسی کے پاس نہیں ہے۔اس یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے بھی بہترین مواقع موجود ہیں۔کھیلوں کے بہترین میدان موجود ہیں۔یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں جہاں پہلے کئی بار انٹرنیشنل سیمنار منعقد ہو چکے ہیں وہاں انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس 2 اور 3 فروری کو ہو گی جس میں امریکہ، ترکی، جرمنی، ساؤتھ افریقہ سمیت دنیا بھر سے محقیقین شرکت کریں گے ۔

کانفرنس میں نامور ملکی اینکر پرسنز، میڈیا دانشور، تعلیمی ماہرین بھی خصوصی شرکت کریں گے۔دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ اس ادارے کا نصب العین یہاں پڑھنے والے اسٹوڈنٹس کے ذہنوں میں جدت طرازی پیدا کر کے انہیں قومی اور بین الاقوامی سرحدوں سے ماورا اور عالمی سطح پر علم پھیلانے والے ذمے دار افراد کے طور پر مستحکم کرنا اور بہترین پیشہ ور افراد میں تبدیل کرنا ہے تاکہ آج کے یہ اسٹوڈنٹس کل کو ملک و قوم کی ترقی اور معاشرے کی بہتری میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :