
عالمی یوم "اقراء" اور ہم
منگل 8 ستمبر 2020

طاہر ایوب جنجوعہ
اگرچہ دنیا بھر میں عالمی ادارے یونیسکو نے 1966 میں باقاعدہ طور پر 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ لیکن بحیثیت مسلمان ہمارے لیے اس دن کو منانے کا اعلان لگ بھگ 6 اگست 610ء کو ہی ہو گیا تھا۔
(جاری ہے)
ترجمہ
(اے محمد) اپنے پروردگار کا نام لے کر پڑھو, جس نے پیدا کیا جس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے بنایا, پڑھو اور تمہارا پروردگار کریم ہے۔ جس نے قلم کے ذریعہ علم سکھایا اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں, جن کا اس کو علم نہ تھا۔
آج کی اس جدید دنیا میں یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ علم کے بغیر کوئی بھی انسانی معاشرہ حیوانیت زدہ ہو کر رہ جاتا ہے۔ اور یہ کہ انسان کو رفعت و بلندیوں تک پہنچانے کا واحد ذریعہ علم و آگہی ہی ہے۔ آج جس شرح خواندگی کا شور اور بار بار ذکر کیا جاتا ہے, اس کا براہ راست تعلق اسی لفظ "اقراء" سے ہی ہے۔ جس کے بغیر کسی بھی ملک کی معاشی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔ آج ہر ذی شعور و صاحب ادراک اس بات سے ضرور اتفاق کرتا ہے کہ قوموں کی صلاح و فساد میں تعلیم و خواندگی کا بڑا دخل ہے۔ تعلیم ہی انسان کو انسان بناتی ہے اور زیورِ تہذیب و تمدن سےآراستہ کرتی ہے۔ جو قومیں تعلیم میں پیچھے رہ جاتی ہیں, وہ اقوام عالم میں اپنی عظمت و وقار کھو دیتی ہیں۔
علم کی اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا کے تمام ممالک کے ریاستی اغراض و مقاصد میں تعلیم کو اولین حیثیت حاصل ہے۔ دستور پاکستان کے آرٹیکل 25-A کے تحت حکومت پاکستان بھی اس بات کی پابند ہے کہ ریاست 5 سے 16 سال تک کی عمر کے ہر بچے کو لازمی اور مفت تعلیم مہیا کرے۔ اور وہ تمام وسائل و اسباب مہیا کرے جو ایک فرد کی ذہنی سطح کو بڑھانے اور علم و شعور کو اجاگر کرنے کے لیے درکار ہوں۔ لیکن افسوس کہ 72 سال گزر جانے کے بعد بھی ہماری حکومتیں یہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں اور آج بھی پاکستان کی شرح خواندگی بمشکل 58 فیصد تک پہنچی پائی ہے۔ اور اس پر بھی مستزاد یہ کہ ان 58 فیصد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں, جو صرف اپنے ہاتھ سے اپنا نام لکھنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں جانتے۔ لہذا یہ بھی ایک الم ناک حقیقت ہے کہ اگر بین القوامی معیار کے مطابق ہماری شرح خواندگی کو پرکھا جائے تو ایک سروے کے مطابق یہ شرح محض 30 فیصد رہ جاتی ہے۔
اسی سلسلے میں اگر ہمارا باقی ممالک سے موازہ کیا جائے, تو مغربی ممالک کو تو چھوڑیے ہم اپنے خطہ میں اپنے ہمسایہ اور ساتھ آزاد ہونے والے ملک بھارت سے بھی بہت پیچھے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں شرح خواندگی 74 فیصد، بنگلہ دیش کی 72 فیصد, اور ایران کی شرح خواندگی 93 فیصد ہے, ان اعداد و شمار سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری ترجیہات کیا ہیں اور تعلیمی میدان میں ہم کہاں کھڑے ہیں۔
بلاشبہ ناخواندگی ہی وہ بلا ہے جسے تمام مسائل کی ماں کا درجہ حاصل ہے۔ ہمارے سماجی, معاشی, سیاسی اور معاشرتی سطح کے تمام مسائل اسی ناخواندگی کی کوکھ سے ہی جنم لیتے ہیں۔ ظلم و جبر, تشدد, بے راہ روی, مجرمانہ افعال چوری ڈکیتی راہزنی, اور خواتین کے خلاف تشدد وغیرہ اور یہاں تک کہ دھشت گردی کا آسیب جو پچھلی کئی دہائیوں سے ہمارا خون چوس رہا ہے, اس سب کی جڑیں ناخواندگی کی اس ناہموار زمین میں ہی پیوست ہیں۔ اور ہم ہیں کہ ہر سال اس دن کے موقع پر بلند و بانگ و دعووں اور وعدوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر پاتے۔ اور ہر بار روایتی سطح پر نئے عزم و ارادے دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں, لیکن صد حیف کہ اس معاملے میں کبھی حقیقی اور سنجیدہ کاوشیں کبھی دیکھنے, نہ سننے کو ملیں۔ پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر آج تک جتنی بھی سیاسی پارٹیاں یا سیاسی قائدین آئے وہ کسی نہ کسی تناظر میں روٹی ، کپڑا اور مکان کی سیاست تو کرتے رہے۔ لیکن کسی نے یہ سمجھنے کی کوشش نہیں کی کہ اصل میں شرح خواندگی میں اضافے کی پوٹلی میں ہی "روٹی کپڑا اور مکان" کا نقشہ پنہاں ہے۔
بحیثیت مجموعی آج تک ہماری تعلیمی کاوشوں کا جائزہ لیا جائے تو 1947ء سے لے کر آج تک کی تعلیمی اصلاحات کا خلاصہ یہ ہے کہ اب تک لگ بھگ 22 تعلیمی پالیسیوں اور منصوبوں کا اجراء ہوا، ذرائع تعلیم پر نئے نئے تجربے بھی آزمائے گئے جو ابھی تک جاری و ساری ہیں۔ لیکن ان کے نتائج کا اندازہ صرف اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہم ابھی تک یہ فیصلہ بھی نہیں کرپائے کہ ہمارا ذریعہ تعلیم انگریزی ہو یا اردو ۔۔۔اپنی سرکاری و مادری زبان میں ہو, یا تعلیم کو اس کی علاقائی زبان میں رائج کیا جائے؟ جب کہ عالمی ماہرین تعلیم اس بات پر متفق ہیں کہ شرح خواندگی میں سب سے بڑی رکاوٹ تعلیم کا اس کی علاقائی زبان میں نہ ہونا ہے۔
آج مغرب کی (نام نہاد) ترقی کا راز صرف تعلیم کی اہمیت میں ہی مضمر ہے ۔ بلاشبہ انہوں نے اسی تعلیم کے بل بوتے پر ہی دنیا کے تمام خطوں پر اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے۔ دنیا کے وہ ملک جن کی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے ان میں ایک امر مشترکہ ہے اور وہ یہ کہ انہوں نے تعلیم کی اہمیت کو پس پشت ڈالے رکھا, یہاں تک کہ ان کا دفاعی بجٹ تو اربوں کا ہے، مگر تعلیم کا بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے، یہی چیز ان کی تباہی کا باعث ہے۔ متذکرہ بالا تمام حقائق کو دیکھتے ہوئے ہمیں تعلیم کی اہمیت کو سمجھ کر ٹھوس اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اور اس سلسلے میں اپنے مذہب سے راہنمائی لینا ہو گی۔ اس سلسلے میں اگر آج بھی ہم نے اپنی سمت تبدیل نہ کی اور تعلیم کو باقی تمام امور سے اہم نہ جانا تو پھر ہمیں لفظ "اقراء" سے تعلق و مناسبت کا کوئی حق حاصل نہیں, اور یقیناً ہمیں پاکستان کی, اسلام کی اور مسلمان سائنسدانوں کی عظمت و برتری کی تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
طاہر ایوب جنجوعہ کے کالمز
-
" اقوام متحدہ کے 75 برس' کیا کھویا پایا "
منگل 20 اکتوبر 2020
-
"16 اکتوبر'عجب ایک سانحہ گزرا ہے"
جمعہ 16 اکتوبر 2020
-
"نابینا افراد، حکومتی توجہ کے منتظر"
پیر 12 اکتوبر 2020
-
"وقف املاک ایکٹ میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہ کیا جائے"
جمعہ 2 اکتوبر 2020
-
"مہنگی ادویات، فائدہ کس کو..."
اتوار 27 ستمبر 2020
-
"عالمی یوم جمہوریت اور اجتماعیت کا اسلامی تصور"
پیر 14 ستمبر 2020
-
"کیپٹل ازم اور ہمارے مسائل"
اتوار 13 ستمبر 2020
-
عالمی یوم "اقراء" اور ہم
منگل 8 ستمبر 2020
طاہر ایوب جنجوعہ کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.