وقت ثابت کریگا راولپنڈی منی لاڑکانہ بنے گا،سمیرا گل

انتخابات میں کامیابی کے بعد راولپنڈی کے عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ اولین ترجیح ہو گا ، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جسے اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کے باوجودچاروں صوبوں میں نمائندگی حاصل ہے جو آج بھی اللہ اورعوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی کے لئے الیکشن کبھی بھی آسان نہیں رہے این اے 62میں آج بھی 50ہزار تک جیالا ووٹ موجودہے انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی راولپنڈی آمد جیالوں کو ایک بار پھر متحد کردے گی ، متوقع امیدوار این ا ے 62کا انٹرویو

ہفتہ 2 جون 2018 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع راولپنڈی کی صدر و آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این ای62سے متوقع امیدوار سمیرا گل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جسے اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کے باوجودچاروں صوبوں میں نمائندگی حاصل ہے جو آج بھی اللہ اورعوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی کے لئے الیکشن کبھی بھی آسان نہیں رہے این اے 62میں آج بھی 50ہزار تک جیالا ووٹ موجودہے انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی راولپنڈی آمد جیالوں کو ایک بار پھر متحد کردے گی وقت ثابت کرے گا راولپنڈی منی لاڑکانہ بنے گا انتخابات میں کامیابی کے بعد راولپنڈی کے عوام کے لئے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ اولین ترجیح ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آن لائن میڈیا گروپ کے راولپنڈی دفتر کے دورے کے موقع پر آن لائن انٹرویو کے دوران کیا سمیرا گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کا شکار رہی ہے جلاوطنی کے بعد بے نظیر بھٹو کی وطن واپس نے پارٹی کو پھر سے زندہ کیا اگرچہ مشرف دور اقتدارمیں لوگ مسلم لیگ ق سے جڑ گئے تھے لیکن 18اکتوبر کو کراچی میں بے نظیر بھٹو کے والہانہ استقبال نے یہ ثابت کر دیا کہ ملک کے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے پیپلز پارٹی کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک بھر سے عوامی ہمدردی کا ووٹ پیپلز پارٹی کو ملا لیکن شعوری طور پر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں حکومت نہیں بنانے دی گئی انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے بحالی جمہوریت کا جو معاہدہ کیا آصف علی زرداری نے اس معاہدے کی مکمل پاسداری کی جس سے شائید پیپلز پارٹی کو تو کسی حد تک نقصان ہوا لیکن ملک وقوم کو اس کا نمایاں فائدہ ہوا آصف زرداری نے اپنے دور میں فیڈریشن کو کمزور نہیں ہو نے دیا آصف زرداری نے اعلیٰ حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین کو برابر فنڈز دیئے یہاں تک کہ راولپنڈی میں ن لیگ کے رکن اسمبلی ملک ابرار عوام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فارم دیتے رہے اس طرح آصف زرداری نے جمہوریت کو عزت دی اورپارلیمنٹیرینز کو مضبوط کیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے پیپلز پارٹی کا وجود ختم نہیں ہوا اور بہت جلد وقت ثابت کرے گا راولپنڈی منی لاڑکانہ بنے گا اس وقت بھی راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کا40سی45ہزار ووٹ موجود ہے جسے موبلائز کرنے کی ضرورت ہے انہون نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لیاانہوں نے کہا کہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں شیخ رشید نے ہر ریٹرننگ افسر کو 500بیلٹ پیپر مہریں لگا کر دیئے اور عام انتخابات میں ناہید خا ن کے مقابلے میں شیخ رشید کی86ہزار ووٹوں میں بھی فرشتوں کا عمل دخل تھا لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے کبھی خلائی مخلوق پر الزام نہیں دیاانہوں نے کہا کہ وہ انتخابات میں تلوار کی بجائے تیر کے نشان کو ترجیح دیں گی کیونکہ تیر ہماری قائد بے نظیر بھٹو کا نشان تھا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پورے ملک میں40فیصد ووٹ کاسٹ ہوتا ہے اور60فیصد لوگ ووٹ کاسٹ ہی نہیں کرتے اس طرح کسی بھی جماعت کی جانب سے مینڈیٹ کا دعویٰ بھی مذاق ہی ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ یورپی طرز پر بیلٹ پیپر پر ایک خالی خانہ بھی ہونا چاہیئے تاکہ جو لوگ سیاسی پارٹیوں یا امیدواروں پر عدم اعتماد کر کے ووٹ نہیں دیتے وہ پولنگ میں شامل ہو کر اس خالی خانے پر اپنے جذبات کا اظہار کر سکے تاکہ عوام کی اصل رائے بھی سامنے آسکے انہوں نے کہا کہ این اے 62میں آج بھی 50ہزار تک جیالا ووٹ موجود ہے جن میں سے کچھ مایوسی ، ناراضگی اور مختلف وجوہات پرووٹ کاسٹ نہیں کرتے انہوں نے انتخابی طریق کار میں توازن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکن میں ہمیشہ دولت اور طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جاتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ایک خود غرض اور مفاد پرست انسان کا نام ہے جو الیکشن جیتنے کے بعد کہتا ہے کہ اسے کسی نے ووٹ نہیں دیا انہوں نے شیخ رشید کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وقت اور جگہ کا تعین وہ خود کریں میں گزشتہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ثبوت دوں گی کہ شیخ رشید کیسے بیلٹ بکس غائب کراتے رہے اور کہاں سے فوت شدہ خواتین کے ووٹ کاسٹ ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اپنے سامنے ہر دوسرے انسان کو ناسمجھ سمجھتے ہیں انہوںنے کہا کہ ماضی میں شیخ رشید آصف زرداری کو بھی دھوکہ دینے کی کوشش کر چکا ہے شیخ رشید نے ذوالفقار علی بھٹو، ضیا الحق ، نواز شریف اور آصف علی زرداری یہاں تک کہ اپنے حلقے کے عوام سے کبھی وفا نہیں کی وہ ہمیشہ خود کو فرزند راولپنڈی کہہ کر راولپنڈی سے ہاتھ کرتا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا تو انتخابی جلسوں کے دوران شیخ رشید کو بہت سای باتیں یاد دلائوں گی ایک سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لئے الیکشن کبھی بھی آسان نہیں رہے کیونکہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو اسٹیبلشمنٹ کی گود میں پروان چڑھنے کی بجائے اللہ اورعوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی کامیابی کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کا بلدیاتی ہوم ورک زیادہ ہے انہوں نے کہا سیاسی استاد ہونے کے ناطے آغا ریاض الاسلام نے انہیں بلدیاتی انتخابات میں تربیت دی اور ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی نمائندوں کو نظر انداز کر کے عام انتخابات لڑنا مشکل ہے آغاریاض الاسلام مرحوم کی تربیت کے پیش نظر میں نے اپنے حلقے کے تمام چارج کی فہرستیں تیار کر لی ہیں اور12چارج میں سے ہر چارج میں2متحرک افراد نامزد کئے جائیں گے جو اپنے چارج میں انتخابی مہم کے ذمہ دار ہوں گے اور ان 2افراد کے ساتھ محلے کی سطح پر15افراد کا گروپ تیار کیا جائے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں میرا مقابلہ سرمایہ دار اور قبضہ گروپوں سے ہے لیکن میں مکمل طور پر مظلوم طبقے اور عوام کی آواز بننا چاہتی ہوں انہوں نے کہا کہ صرف میٹرو بس بنانے سے خدمت کے تقاضے اور مقصد پورا نہیں ہو جاتے بلکہ دیکھنا یہ ہے کہ راولپندی میں کتنے پڑھے لکھے طبقے کو روزگار دیا گیا انہوں نے کہا پارٹی ٹکٹ ملنے کی صورت میں عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے کی کوشش کروں گی اور پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے انصاف عام کیا جائے گابے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جائے گا انہوں نے راولپنڈی میں پینے کے صاف پانی کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت راولپنڈی کی80فیصد لوگ گندا پانی پینے سے ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں انہوں نے کہا میری ترجیحات میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کے ساتھ نالہ لئی کے اطراف نئے پودے لگانا اور این ای62میں واقع ڈسپنسریوں کو 10سی12بستر کے منی ہسپتالوں کا درجہ دے کر صحت کی سہولیات کو عا م کرنا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے ماضی میں بلدیاتی سطح پر اپنی ہیونین کونسل میں8فلٹریشن پلانٹ لگانے کے علاوہ تمام نالے پکے کروائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف خواتین کو انتہائی عزت دی بلکہ انہیں ہر سطح پر برابری کا مقام دیا جس کے لئے فہمیدہ مرزا ،شیریں رحمان ،فرزانہ راجہ اور فوزیہ حبیب سمیت کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جن میں خواتین پوری طرح بااختیار رہیں اسی طرح پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور میں ہاریوں کو مالکانہ حقوق پر زمینیں ، نوجوانوں کو نوکریاں ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافے پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل ہیں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے کمزور اور ختم ہونے کا پروپیگنڈہ کرنے والے یہ بھی جان لیں کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 62میں شیخ رشید جیسے امیدوار کے سامنے پارٹی کی6کارکنوں کی جانب سے ٹکٹ کے لئے درخواست دینے کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی آج بھی راولپنڈی میں موجود ہے انہوںنے کہا کہ ٹکٹ کے حوالے سے پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اس پر سر تسلیم خم کریں گی انہوں نے کہا کہ میں خالصتا کارکن طبقے کے لئے انتخابات میں حصہ لے رہی ہوں اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہے پارٹی کے اندر بھی باہمی ناراض کارکنان میری ہر دعوت اور کال پر میرے ساتھ ہوتے ہیں اور آئندہ الیکشن میں بھی سب مل کر انتخابی مہم کا حصہ بنیں گے ۔