نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج لگا کر مسلمانوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی کررہا ہے ، عبدالرشید ترابی

پیر 25 جون 2018 15:40

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج لگا کر مسلمانوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی کررہا ہے ،سینئر صحافی شجاعت بخاری کا قتل اس کا حصہ ہے،حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے،جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیرا ور بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،صدر ریاست،وزیر اعظم سمیت عالمی کشمیر کانفرنسز میں شرکت کی ،بین الاقوامی سطح پر ہماری کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے رپورٹ شائع کی ،رپورٹ کو بنیاد بنا کر عالمی سطح پر ہندوستان کو بے نقاب کیا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے چھتر نمبر1مرہنہ اپنی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع باغ نثار احمد شائق،برگیڈئیر(ر) محمد خان،تنویر انورخان،حاجی افراہیم ،عثمان انور،خورشید چغتائی ،آصف نقی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں جماعت اسلامی کی مسلم لیگ (ن)سے مفاہمت تحریک آزادی کشمیر،میرٹ کی بالادستی،نظام کی اصلاح تھی اس حوالے سے این ٹی ایس،پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو،شریعہ اپیلٹ بینچ کا قیام،ختم نبوت ؐ اور ایکٹ 74میں ترامیم میں ہماری کوشش اور کاوش شامل ہیں،مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پیش نظر آزاد خطے میں دو اہم اہداف ہیں تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا اور آزاد خطے کو ماڈل ریاست بنانا ،اس سلسلے میں اسمبلی کے فلور اور عوامی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا،آزاد خطے میں عادلانہ اور منصفانہ نظام کا قیام ہمارا مشن ہے جس کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ،بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ،انہوں نے کہاکہ حلقہ وسطی باغ سمیت آزاد خطے میں مسائل کے حل کے لیے کوشش کررہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ 3سالوں کے بعد کوئی بڑا مسئلہ باقی نہ رہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 2مرتبہ مظفرآباد تشریف لائے اسمبلی کے فلور پر ہم نے یہاں کے مسائل پیش کیے اور متاثرین زلزلہ کے 56ارب روپے جو زرداری حکومت کے وقت منتقل کیے گئے تھے ان کی واپسی کا مطالبہ کیاجس پر انہوں نے واپسی کا وعدہ کیا،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ غریب عوام کے حقوق،کشمیر کی آزادی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے غلبے کے لیے زندگی کی آخری سانس تک لڑوں گا ظلم و نا انصافی کے خلاف ہر سطح پر جہاد کیا ہماری موجودگی میں کسی پر ظلم نہیں ہوسکتا انہوں نے کہاکہ اس وقت حق وباطل کا معرکہ جاری ہے امریکہ ،اسرائیل اور ہندوستان مل کر مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اتحاد و یکجہتی سے ہی ہم مسائل حل کرسکتے ہیں ۔